‎اسٹاک ایکسچینج: 100 انڈیکس 91 ہزار پوائنٹس کی ریکارڈ سطح سے تجاوز کرگیا

پیر 4 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کاروباری ہفتے کے پہلے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ایک بار پھر مثبت رجحان سامنے آیا، کاروبار کے آغاز پر اسٹاک مارکیٹ میں تیزی ریکارڈ کی گئی اور 100 انڈیکس میں ایک ہزار پوائنٹس سے زائد اضافہ کے بعد پہلی مرتبہ 91 ہزار 800 پوائنٹس کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا ہے۔

گزشتہ کاروباری ہفتے کے آخری روز پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا اختتام مثبت زون میں ہوا جس کے باعث 100 انڈیکس 1893 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 90 ہزار 859 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: 26ویں آئینی ترمیم کے مثبت اثرات، پاکستان اسٹاک مارکیٹ کا نیا ریکارڈ قائم

ماہر اسٹاک مارکیٹ شہریار بٹ کا کہنا ہے کہ آج شام تک اسٹیٹ بینک اپنی مانیٹری پالیسی کا اعلان کرے گا، پاکستان اسٹاک مارکیٹ کی کارکردگی بہتر ہے اور جس طرح مہنگائی نیچے آرہی ہے اس حساب سے لگتا ہے کہ شرح سود میں بھی کمی دیکھنے میں آئے گی، اسٹیٹ بینک کی مانیٹری پالیسی بھی اسٹاک مارکیٹ پر مزید مثبت اثرات مرتب کرے گی۔

شہریار بٹ کے مطابق آئی ایم ایف اور پاکستان کے مابین مذاکرات جاری ہیں اور آئی ایم ایف کی ٹیم دسمبر میں پاکستان آئے گی اس کو دیکھنا ہوگا اگر مذاکرات کامیاب ہو جاتے ہیں تو اسٹاک ایکسچینج میں مزید بہتری کی توقع کی جاسکتی ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان اسٹاک مارکیٹ کا مستقبل، مزید ریکارڈ متوقع یا مندی کا خطرہ؟

اسٹاک مارکیٹ ایکسپرٹ جبران احمد کے مطابق اس وقت اگر حکومتی پالیسی کودیکھا جائے تو آئی ایم ایف سے ملنے والے پروگرام کے مثبت اثرات اسٹاک ایکسچینج پر مرتب ہوتے دکھائی دیتے ہیں۔ ’آٹو انڈسٹری کی اگر بات کی جائے تو اس میں بہت بہتر فیصلے دیکھنے کو ملے جس سے الیکٹرک گاڑیوں کی صنعت پروان چڑھ رہی ہے، جس کے مثبت اثرات بھی ہم اسٹاک مارکیٹ پرمرتب ہوتے دیکھ سکتے ہیں۔

جبران احمد نے مزید بتایا کہ دوست ممالک کی جانب سے سرمایہ کاری کے معاہدے بہت اہم ہیں جو براہ راست ملکی معیشت پر اثرات مرتب کرتے ہیں اور امید ہے کے اسٹاک مارکیٹ میں مزید بہتری آئندہ دنوں میں دیکھی جائے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp