خیبرپختونخوا کی نگران کابینہ نے پنجاب اسمبلی کے انتخابات مئی میں کرانے کے سپریم کورٹ کے فیصلے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے پورے ملک میں عام انتخابات ایک ہی روز کرانے کا مطالبہ کردیا۔
پیر کے روز خیبرپختونخوا کی نگران کابینہ کااجلاس ہوا جس میں نگران وزیراعلیٰ اعظم خان شریک نہ ہوسکے جس کے باعث اجلاس کی صدارت نگران صوبائی وزیر مسعود شاہ نے کی۔
اجلاس کے بعد میڈیا کے لیے جاری بیان میں نگران وزیر اطلاعات بیر سٹر فیروز جمال شاہ کاکا خیل نے بتایا کہ اجلاس میں صوبے میں امن امان کی صورت حال کا تفیصلی جائزہ لیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں اس وقت امن و امان کی صورتحال عام انتخابات کے لیے موزوں نہیں ہے۔
بیرسٹر فیروز جمال نے کہا کہ نگران صوبائی کابینہ کے اجلاس میں پنچاب میں عام انتخابات کرانے کے لیے سپریم کورٹ کے فیصلہ پر بھی غور کیا گیا اور کابینہ نے پنجاب اسمبلی کے انتخابات مئی میں کرانے کے سپریم کورٹ کے حکم پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔
نگران کابینہ کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ پنجاب اسمبلی کے انتخابات جلد کرانے سے قومی اسمبلی کے انتخابات پر پنجاب کے نتائج اثر انداز ہونے کے خدشات ہیں اس لیے پورے ملک میں ایک ہی روز الیکشن کرائے جائیں۔
نگران وزیر اطلاعات نے مزید بتایا کہ ملکی تاریخ میں کبھی قومی و صوبائی انتخابات الگ تاریخوں پر نہیں کروائے گئے۔
انھوں نے بتایا کہ نگران کابینہ نے مطالبہ کیا ہے کہ قومی و صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات منتخب حکومت کے بجائے نگران حکومتوں کی زیر نگرانی کروائے جائیں۔آئین مقدس دستاویز ہے اوراس کی پاسداری ہر ادارے کی ذمہ داری ہے۔