مدینہ منورہ میں تاریخی، ثقافتی تقاریب، قدیم سلطنتوں اور اونٹوں کی نیلامی کے خصوصی فیسٹیولز

پیر 4 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مدینہ منورہ میں ثقافتی اور تاریخی تقاریب کا آغاز 7 نومبر 2024 کو جمعرات کے روز ہوگا،اس موقع پر سعودی ثقافت اور ورثے کو اجاگر کرنے کے لیے 2 خصوصی فیسٹیولز کا اہتمام کیا گیا ہے، جو علاقے کی قدیم تاریخ اور روایات سے محبت رکھنے والوں کے لیے ایک نادر موقع فراہم کریں گے۔

قدیم سلطنتوں کا فیسٹیول

العلا میں ہونے والا یہ فیسٹیول شرکا کو 7 ہزار سال پرانی انسانی تہذیب کے خزانوں اور ثقافتوں سے روشناس کرائے گا۔ اس میں تاریخی مقامات کے درمیان سیاحتی دورے، قدیم عمارات اور نمائشیں شامل ہیں جو خطے کی تاریخی ورثے کی عکاسی کریں گی۔

 اس فیسٹیول میں زمین کے قدیم ترین آثار کو دیکھنے اور سمجھنے کا موقع ملے گا، یہ فیسٹیول 23 دن تک جاری رہے گا اور 7 نومبر 2024 کو شروع ہوگا۔

اونٹوں کی نیلامی کا فیسٹیول

الحناکیہ میں منعقد ہونے والا اونٹوں کی نیلامی کا پہلا فیسٹیول اپنی نوعیت کا منفرد ایونٹ ہے، جس میں سرکاری، نجی ادارے اور اونٹوں کے شوقین افراد شرکت کریں گے۔ یہ فیسٹیول خطے کے اندر اور باہر سے آنے والے سیاحوں کو مدعو کرتا ہے اور اونٹوں کے مختلف ماڈلز اور نسلوں کی خصوصیات کو اجاگر کرتا ہے۔

 نیلامی کے علاوہ اونٹوں کی نمائش اور روایتی سرگرمیاں بھی اس فیسٹیول کا حصہ ہوں گی، یہ فیسٹیول 10 دن تک جاری رہے گا اور 7 نومبر 2024 کو اس کا آغاز ہوگا۔

یہ دونوں فیسٹیولز سعودی عرب کی ثقافت، تاریخ اور روایتی ورثے کے فروغ کے لیے نہایت اہم ہیں اور مدینہ منورہ میں سیاحت کو فروغ دینے کے لیے خاص طور پر ترتیب دیے گئے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp