بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے بجلی میں اضافے کے لیے ایک اور درخواست نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں جمع کروا دی ہے جس کی منظوری کی صورت میں صارفین پر اربوں روپے کا بوجھ پڑے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے جمع کرائی گئی درخواست کی منظوری کی صورت میں صارفین پر 8 ارب 71 کروڑ روپے کا بوجھ پڑے گا۔
یہ بھی پرھیں: عوام کے لیے ایک اور بری خبر، بجلی کی قیمت میں اضافہ کردیا گیا
میڈیا پوررٹس میں کہا گیا ہے کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے درخواست رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں جمع کرائی گئی ہے جس پر سماعت 20 نومبر کو ہوگی۔
بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے کیپیسٹی چارجز کی مد میں 8 ارب 6 کروڑ روپے، آپریشنز اینڈ میٹیننس کی مد میں ایک ارب 25 کروڑ روپے جبکہ سسٹم چارجز اور مارکیٹ آپریشنز فیس مد میں ایک ارب 65 کروڑ روپے کی درخواست ہے۔ حکام کے مطابق نیپرا کی جانب سے درخواست منظوری کی صورت میں اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر بھی ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: آئی پی پیز سے مذاکرات: عوام کو سستی بجلی کب ملے گی؟
واضح رہے کہ گزشتہ روز نیپرا نے کراچی کے شہریوں کے لیے بجلی کی قیمت میں 40 پیسے فی یونٹ اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ اگست کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی کی قیمت میں اضافہ کیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق کے الیکٹرک صارفین سے جنوری کے بلوں میں وصولی کی جائے گی۔