العُلا اور ناپولی کے درمیان ثقافتی شراکت داری: تاریخ کے خزانے عوام کے لیے پیش

جمعرات 7 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

العُلا کی شاہی اتھارٹی نے اٹلی کے مشہور ناپولی قومی آثار قدیمہ میوزیم کے ساتھ ایک اہم شراکت داری قائم کی ہے۔ اس شراکت کے تحت ناپولی کے قیمتی اور تاریخی نوادرات پہلی بار العُلا میں نمائش کے لیے پیش کیے جائیں گے۔

یہ شراکت العُلا کی 20 ہزار سال پر محیط تاریخ کے تحفظ اور اس کی عالمی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے ایک اہم قدم ہے۔ ناپولی کا یہ میوزیم، جو 1777 میں قائم ہوا، یورپ کے نمایاں ثقافتی مراکز میں سے ایک ہے، جس میں یونانی اور رومی مجسمے، کانسی کے نوادرات، فسفسی کام اور دیگر نایاب فن پارے شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: العلا: سعودی عرب کا ایک تاریخی شہر اور ثقافتی ورثہ

اس معاہدے کے تحت، 15 نایاب تاریخی اشیا، جن میں پومپی، ہیرکولینیم اور روم جیسے مشہور اور تاریخی مقامات سے حاصل شدہ نوادرات شامل ہیں جو العُلا میں مملکت قدیمہ کے میلے 2024 کے دوران نمائش کے لیے پیش کی جائیں گی۔ یہ میلہ 7 سے 30 نومبر تک جاری رہے گا، جس میں العُلا عالمی آثار قدیمہ سیمینار بھی شامل ہوگا۔

یہ شراکت 2023 میں سعودی عرب اور اٹلی کے درمیان ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لیے کیے گئے سرکاری معاہدے کے تحت ممکن ہوئی۔ العُلا کے ثقافتی ماہرین نے ناپولی کا دورہ کیا تاکہ میوزیم کے نایاب مجموعے سے بہتر طور پر واقفیت حاصل کی جاسکے۔

یہ بھی پڑھیں: مدینہ منورہ: قدیم سلطنتوں اور اونٹوں سے متعلق تاریخی فیسٹیول کب منعقد ہوں گے؟

یہ معاہدہ نہ صرف تاریخی نوادرات کی نمائش کو فروغ دے گا بلکہ دونوں ممالک کے ماہرین کے درمیان علم اور مہارت کے تبادلے کے نئے مواقع بھی فراہم کرے گا، جو ثقافتی ورثے کے تحفظ میں اہم کردار ادا کریں گے۔

یہ شراکت سعودی عرب کی تاریخ کو عالمی منظرنامے پر مزید اجاگر کرے گی اور العُلا کو ایک نمایاں ثقافتی مرکز کے طور پر مستحکم کرے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp