صوابی میں پی ٹی آئی کا پاور شو، عمران خان اسی ماہ احتجاج کی فائنل کال دیں گے، علی امین گنڈاپور

ہفتہ 9 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے زیراہتمام صوابی میں جلسہ عام اختتام پذیر ہوگیا، جس میں کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، علی امین گنڈاپور نے جلسے میں اعلان کرتے ہوئے کہاکہ عمران خان اسی مہینے فائنل کال دیں گے، کارکنان اس کے لیے تیاری شروع کردیں، اب ہم اپنے قائد کو رہا کروائے بغیر واپس نہیں جائیں گے۔

عمران خان کا پیغام دے رہاہوں کہ نومبرکے مہینے میں خان کال دینے والے ہیں وہ کال یہ ہوگی کہ اس بارہم جب گھروں سے نکلیں گے تو اپنے گھروالوں کو بتاکے نکلیں گے کہ اگرہماری میت نہ آئے تو ہمارے جنازے پڑھ لینا،علی امین گنڈاپور pic.twitter.com/24MQ5IB7w2

یہ بھی پڑھیں پی ٹی آئی کے صوابی جلسے میں امریکی پرچم لہرا دیا گیا

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہاکہ میں ہمیشہ اپنے کارکنوں کی طرف دیکھتا ہوں کیونکہ آپ عمران خان اور حقیقی آزادی کی طاقت ہیں، پاکستان کو آزاد کرانے کے لیے ہمارے آباؤاجداد نے قربانیاں دیں۔

انہوں نے کہاکہ آزادی قربانی کے بغیر نہیں ملتی، اب ہمیں عمران خان کی سربراہی میں حقیقی آزادی کے لیے نکلنا ہے۔

علی امین گنڈاپور نے کہاکہ آج ہمیں یہ عہد کرنا ہوگا کہ عمران خان کے دیے گئے ہر حکم پر اپنا تن، من، دھن قربان کرنے سے دریغ نہیں کریں گے۔

انہوں نے حکومت کو للکارتے ہوئے کہاکہ آپ کی جانب سے ہمارے کارکنوں کے ساتھ جو سلوک کیا جارہا ہے اس کا ہم حساب لیں گے۔

انہوں نے کہاکہ اب قوم کے پاس ایک ہی آپشن ہے کہ وہ عزتیں نیلام کروائے یا حقیقی آزادی کے لیے باہر نکلے۔

علی امین گنڈاپور نے کہاکہ کارکنان آج سے فائنل معرکے کی تیاری شروع کردیں، جب بھی کال ملے تو بوریا بستر سمیت ایک سفید چادر سر پر لینی ہے۔

اپنے خطاب کے آخر میں انہوں نے کارکنوں سے ہاتھ اٹھا کر حلف لیا کہ وہ عمران خان کے ہر حکم پر عمل کریں گے اور ان کو رہا کروانے تک واپس نہیں جائیں گے۔

اب عمران خان کی رہائی بہت قریب ہے، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج صوابی میں ہونے والے جلسے میں ریفرنڈم ہوگیا ہے، اب عمران خان کی رہائی بہت قریب ہے۔

انہوں نے کہاکہ امریکا میں انتخابی نتائج سامنے آنے کے بعد کچھ لوگ اپنی پرانی ٹوئٹس ڈیلیٹ کررہے ہیں، لیکن میں ان کو کہنا چاہتا ہوں کہ ہم امریکا سے مدد کے طلبگار نہیں، تبدیلی پاکستان کے اندر سے ہی آئے گی۔

انہوں نے کہاکہ عمران خان کو باہر رکھ کر پاکستان کی سیاست مکمل نہیں ہوسکتی، وہ ایک ہی بات کرتے ہیں کہ میں عوام کے حقوق کی خاطر جیل میں ہوں۔

انہوں نے کہاکہ عمران خان کو سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے لیکن انہوں نے کبھی بیمار ہونے کا شکوہ نہیں کیا۔

بیرسٹر گوہر نے کہاکہ حکومت چھبیسویں آئینی ترمیم کے ذریعے مرضی کی عدلیہ چاہتی ہے لیکن ہم عدلیہ کو آزاد کروا کر دم لیں گے۔

عمران خان کا پیغام ہے کہ گھر سے نہیں نکلو گے تو کچل دیے جاؤ گے، سلمان اکرم راجہ

پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عمران خان کا قوم کے لیے پیغام ہے کہ اب اگر گھر سے نہیں نکلو گے تو کچل دیے جاؤ گے۔

انہوں نے کہاکہ آج ملک میں جبر کا جو نظام قائم ہے اس کے سامنے کسی پاکستانی کی کوئی حیثیت نہیں۔ عمران خان کا قوم کے نام پیغام ہے کہ پاکستان کی سڑکیں تمہاری منتظر ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ہم نے اپنی نسلوں کے لیے کھڑا ہونا ہے، 26ویں ترمیم کا ایک ہی مقصد تھا کہ حکومت کی ایما پر عدالتیں قائم کریں۔

سلمان اکرم راجہ نے کہاکہ ہم سب کے لیے کھڑے ہیں، ہم نے باہر نکلنا ہے، اور جبر کے قلعوں کو پاش پاش کردیں گے۔

اپنے شہری حقوق سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوں گے، اسد قیصر

سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہم اپنے شہری حقوق سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوں گے، اور نہ ہی کسی کی دھونس اور دھمکی میں آئیں گے۔

اسد قیصر نے جلسے سے خطاب میں مطالبہ کیاکہ افغانستان کے ساتھ ہمارے کاروبار کو بحال کیا جائے، اور ہمارا چھینا گیا مینڈیٹ واپس کیا جائے۔

انہوں نے جلسے سے خطاب کے دوران عمران خان کی رہائی کے نعرے بھی لگوا دیے، جس پر کارکنان پرجوش ہوگئے۔

قوم سر پر کفن باندھ کر باہر نکلنے کے لیے تیار رہے، عمر ایوب

اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ قوم تیار رہے، اب جو بھی کال دی جائے گی آپ نے سر پر کفن باندھ کر نکلنا ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہمارے ارکان پارلیمنٹ کو فسطائیت کا نشانہ بنایا گیا لیکن وہ نہیں ٹوٹے، جس پر ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں کیا مولانا فضل الرحمان جیل میں عمران خان سے ملاقات کرنے والے ہیں؟

پی ٹی آئی رہنما نے کہاکہ پاکستان میں آج مہنگائی کا جو سلسلہ چل رہا ہے اور جو فسطائیت ہورہی ہے اس کی ذمہ داری شہباز شریف، آصف زرداری، بلاول بھٹو، مریم نواز اور ان کو لانے والوں پر عائد ہوتی ہے۔

عمران خان کی رہائی کے لیے اپنی جان کی قربانی دینے سے بھی گریز نہیں کریں گے، شیخ وقاص اکرم

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہاکہ ہم عمران خان کی رہائی کے لیے اپنی جان کی قربانی دینے سے بھی گریز نہیں کریں گے۔

انہوں کہاکہ کچھ لوگ پی ٹی آئی قیادت اور کارکنوں کے درمیان فاصلہ پیدا کرنا چاہتے ہیں، ہمیں ان سے ہوشیار رہنا ہوگا، کیونکہ انہی لوگوں کی وجہ سے آج عمران خان جیل میں ہیں۔

انہوں نے کہاکہ کارکنوں کے ساتھ پی ٹی آئی کا رشتہ کسی کا باپ بھی توڑ نہیں سکتا۔

شیخ وقاص اکرم نے کہاکہ عمران خان نے واضح کیا ہے کہ ہمارا احتجاج کسی ادارے کے خلاف نہیں، ان کا پیغام ہے کہ ہم ملک میں آئین اور جمہوریت کی بحالی چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ نو مئی کے بعد ہمیں فسطائیت کا سامنا رہا، ہمارے ایم این ایز کے گھروں پر چھاپے مارے گئے، فیکٹریاں بند کی گئیں مگر وہ ڈٹے رہے۔

ملک سے فسطائیت کا خاتمہ ہونے جارہا ہے، حماد اظہر

جلسے سے خطاب میں پی ٹی آئی پنجاب کے صدر حماد اظہر نے کہاکہ ملک میں فسطائیت کا جو دور آج ہے، تاریخ میں ایسا کبھی نہیں دیکھا گیا۔

انہوں نے کہاکہ وقت آچکا ہے کہ ہم سب نے عمران خان کی کال پر یکجا ہوکر نکلنا ہے۔

حماد اظہر نے کہاکہ آنے والا وقت بہت اہم ہے کیونکہ فسطائیت کا خاتمہ ہونے جارہا ہے، اور اس ملک میں عوام کی حاکمیت ہوگی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp