وزیراعظم پاکستان کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ اگر ڈونلڈ ٹرمپ نے عمران خان کی رہائی کے لیے فون کیا تو حکومت ملکی مفاد میں فیصلہ کرےگی۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ امریکا کی جانب سے عمران خان کو رہا کرنے کا مطالبہ کرنے کی صورت میں ہم عافیہ صدیقی کی حوالگی کا کہیں گے۔
یہ بھی پڑھیں علی امین گنڈاپور عمران خان کی مرضی سے کمپرومائزڈ ہیں، خواجہ آصف
انہوں نے کہاکہ عافیہ صدیقی کی رہائی پوری قوم کا مطالبہ ہے، اور اگر ایسا ہوجاتا ہے تو میرے خیال میں اس میں کوئی مضائقہ بھی نہیں ہے۔
انہوں نے کہاکہ شکیل آفریدی نے پاکستان سے غداری کی جس کی پاداش میں جیل کاٹ رہا ہے، لیکن امریکا کی جانب سے اس کی رہائی کے لیے کوئی دباؤ نہیں ڈالا گیا، شاید کبھی ہلکی پھلکی بات کی ہو۔
رانا ثنااللہ نے دعویٰ کیاکہ 190 ملین پاؤنڈ کیس میں عمران خان کو سزا ہوجائے گی۔
واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے امریکی صدر بننے کے بعد پی ٹی آئی کو امید ہے کہ وہ عمران خان کی رہائی کے لیے حکومت پاکستان پر دباؤ ڈالیں گے۔
یہ بھی پڑھیں ڈونلڈ ٹرمپ عمران خان کے لیے ضرور آواز بلند کریں گے، مشاہد حسین
دوسری جانب حکومت نے بھی اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے ٹرمپ انتظامیہ سے رابطے کا فیصلہ کرلیا ہے۔