مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا میں احتجاج کی فائنل کال کے لیے تیاریوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے، جس کی نگرانی وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور خود کررہے ہیں۔
اپنے ایک بیان میں بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ فائنل کال کا اعلان ہوتے ہی خیبر پختونخوا سے احتجاج کا بھرپور سلسلہ شروع ہوگا۔ ’وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور خود تمام تیاریوں کی نگرانی کر رہے ہیں، صرف بانی پی ٹی آئی عمران خان کی فائنل کال کا انتظار ہے۔‘
یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی اقتدار میں آکر متنازعہ غیرآئینی ترامیم کا خاتمہ کریگی، بیرسٹر سیف
بیرسٹر ڈاکٹر سیف کے مطابق مذکورہ احتجاج کی فائنل کال جعلی حکومت کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگی، جعلی حکومت کچھ بھی کرے انکا آخری وقت آپہنچا ہے، جعلی حکومت کی سیاسی لاش علی امین گنڈاپور دفنائیں گے۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف کے مطابق پی ٹی آئی کے مرکزی اور منتخب اراکین کی گرفتاری جعلی حکومت کی فائنل کال سے خواس باختگی ظاہر کرتی ہے۔
مزید پڑھیں:پنجاب کو اسموگ میں چھوڑ کر باپ بیٹی جنیوا گھوم رہے ہیں، بیرسٹر سیف کا طنز
’فائنل کال اتنی شدید ہوگی کہ شاید جعلی راج کماری اور ان کے ابا جینیوا سے واپسی موخر کرکے وہیں رہنے میں عافیت سمجھیں، فائنل کال کے بعد ملک میں آئین و قانون کا بول بالا ہوگا، جعلی مقدمات کا خاتمہ اور عمران خان کی رہائی سمیت مینڈیٹ چوروں کا کڑا احتساب ہوگا۔‘