خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی معاونت سے پاکستان میں جدید طرز پر موسمیاتی توازن برقرار رکھنے کے لیے ’کلائمیٹ وینچرز‘ منصوبے کا آغاز کیا جارہا ہے۔
اس منصوبے کے تحت 50 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔ کلائمیٹ وینچرز کا مقصد موسمیاتی اسٹارٹ اپس کو تکنیکی رہنمائی، گرانٹس اور ایکویٹی فراہم کرنا ہے۔ اس منصوبے کے ذریعے پاکستان میں موسمیاتی چیلنجز کے حل کے لیے نجی شعبے کی سرمایہ کاری بڑھائی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: آرمی چیف نے تاجر برادری کو ایس آئی ایف سی کے ساتھ مل کر کام کرنے کی دعوت دیدی
وزارت منصوبہ بندی نے کلائمیٹ وینچرز کو پاکستان کے کیپٹل لینڈ اسکیپ کے لیے اہم قرار دیا ہے۔ برطانوی ہائی کمیشن نے بھی اس منصوبے کو بین الاقوامی موسمیاتی فنانس کی فراہمی کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔
اقوام متحدہ کے تحت ’گرین کلائمیٹ فنڈ‘ کی جانب سے ’کلائمیٹ وینچرز‘ کے لیے 25 ملین ڈالر کی گرانٹ کا اعلان کیا گیا ہے۔ ایس آئی ایف سی کی سہولتکاری سے ’کلائمیٹ وینچرز‘ پاکستان میں موسمیاتی توازن برقرار رکھنے کے لیے معاون ثابت ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: آرمی چیف نے تاجر برادری کو ایس آئی ایف سی کے ساتھ مل کر کام کرنے کی دعوت دیدی
واضح رہے کہ چین سمیت مختلف ممالک کے تاجروں نے ایس آئی ایف سی کے تحت پاکستان سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ ژنجیانگ آئرن برادرز کمپنی لمیٹڈ کی زیر قیادت 4 نمایاں کاروباری اداروں پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی چینی تجارتی وفد نے 10 ستمبر کو ایس آئی ایف سی کا دورہ کیا تھا۔
وفد نے ایس آئی ایف سی کے تحت اہم شعبوں میں سرمایہ کاری اور چینی صنعتوں کی پاکستان منتقلی میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ قبل ازیں، حکومت پاکستان نے چین کی طرز پردارالحکومت سمیت تمام صوبوں میں کاروباری سہولت مراکز قائم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔