ارشد چائے والا کی شارک ٹینک پاکستان میں انٹری، کاروبار شروع کرنے کے لیے کتنے کروڑ حاصل کرلیے؟

بدھ 13 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مشہور چائے والا ارشد خان جن کی چند سال قبل ایک تصویر وائرل ہوئی تھی اور اس تصویر نے انہیں راتوں رات شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا تھا، انہوں نے حال ہی میں معروف بزنس رئیلٹی شو ’شارک ٹینک پاکستان‘ میں شرکت کی اور اپنے آئیڈیے کی بدولت 1 کروڑ کا معاہدہ کرلیا۔

’شارک ٹینک پاکستان‘ کی دوسری قسط میں ارشد چائے والا نے اپنے برانڈ کا تعارف کرایا کہ 2020 میں انہوں نے اسلام آباد میں اپنا کیفے بنایا لیکن کورونا کی وجہ سے وہ کافی متاثر ہوا جس کے بعد انہوں نے اس برانڈ کو ری لانچ کیا ہے۔

اس پروگرام میں ارشد چائے والا نے اپنے آئیڈیے سے پروگرام کے ججز کو خوب بہت متاثر کیا اور ان کے بزنس وژن کو سراہا گیا جس کے بعد ان کے ساتھ 1 کروڑ کا معاہدہ کیا گیا۔

معاہدہ ملنے کے بعد صارفین کی جانب سے اس پر مختلف تبصرے کیے گئے۔ کسی کا کہنا تھا کہ یہ ارشد چائے والا کی محنت اور بصیرت کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ ان کا چھوٹا سا کاروبار بڑے اور منافع بخش کاروبار میں تبدیل ہونے جارہا ہے۔ جبکہ کئی صارفین کا کہنا تھا کہ چائے کے کاروبار کو فروغ دینے کے بجائے ’شارک ٹینک پاکستان‘ کو جدید مصنوعات کے کاروبار کو فروغ دینا چاہیے تھا۔

واضح رہے کہ 2016 میں جب ارشد خان کی عمر 16 برس تھی تو اس وقت ایک فوٹو گرافر جویریہ علی نے ان کی ایک تصویر لی تھی جو اتنی وائرل ہوئی کہ دیکھتے ہی دیکھتے وہ شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گئے۔

کئی ٹی وی چینلز نے وائرل ہونے کے بعد ارشد چائے والا کے انٹرویوز کیے اور چائے کے کاروبار کے ساتھ ساتھ انہوں نے ماڈلنگ بھی شروع کردی۔

وائرل ہونے کے بعد ارشد خان نے اسلام آباد میں اپنا کیفے بنا لیا جس کا نام انہوں نے کیفے چائے والا رکھا تھا۔ اس کے بعد وہ اپنے کاروبار کو بین الاقوامی سطح پر لے گئے اور لندن میں اپنے کیفے کی ایک فرنچائز کھولی۔

لیکن پاکستان کے سب سے مشہور چائے والا ارشد خان کا لندن کیفے اپنے میگا لانچ کے ایک سال بعد شدید مالی مشکلات کا شکار ہوگیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp