حج پروازوں سے متعلق وزارت مذہبی امور اور پی آئی اے کے درمیان معاہدے پر دستخط

بدھ 13 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

حج پروازوں سے متعلق وزارت مذہبی امور اور پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق، قومی ایئرلائن 35 ہزار سرکاری حجاج کرام کو سفری سہولت مہیا کرے گی۔ ترجمان نے کہا کہ معاہدے پردستخط گزشتہ روز وزارت مذہبی امورمیں کیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: حج پالیسی 2025 کا اعلان، پچھلے سال کے مقابلے میں ایک لاکھ روپے کا اضافہ

پی آئی اے کے سی ای او ایئر وائس مارشل عامر حیات اور ایڈیشنل سیکریٹری مذہبی امور ڈاکٹر سید عطاالرحمن نے معاہدے پردستخط کیے، پی آئی اے کے سی ای او ایئر وائس مارشل عامر حیات نے حجاج کرام کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

دوسری جانب، ترجمان وزارت مذہبی امور نے کہا ہے کہ حج آپریشنز کے لیے سعودی ایئرلائن اور دیگر مقامی ایئر لائنز سے بھی جلد معاہدے مکمل کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: حج 2025 میں پاکستانی عازمین کرام کو آرام دہ سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، ضیاالرحمان

واضح رہے کہ پیر کو وفاقی وزیر برائے مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے حج پالیسی 2025 کا اعلان کیا تھا، جس کے مطابق مجموعی طور پر ایک لاکھ 79 ہزار 210 عازمین کا کوٹہ ملا ہے، کوٹے کا نصف 79 ہزار 600 افراد برابر سرکاری و نجی طور پر تقسیم ہوں گے۔ نجی حج اسکیم میں اسپانسر شپ اسکیم کے لیے 30ہزار نشستیں مختص ہوں گی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چوہدری سالک نے بتایا تھا کہ حج کے لیے 2 ہزار لوگوں کا گروپ تشکیل دیا جائے گا، 2 لاکھ روپے کے ساتھ حج درخواست جمع ہوسکے گی اور 4 لاکھ روپے قرعہ اندازی کے بعد جب کہ باقی حج سے قبل فروری تک دینا ہوں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp