احتجاج کی تیاری مکمل، واپسی تب ہوگی جب مطالبات پورے ہوں گے، علی امین گنڈاپور

بدھ 13 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ احتجاج کی تمام تر تیاریاں مکمل ہیں، علیمہ خان نے تاریخ کا اعلان کردیا ہے، جب تک مطالبات پورے نہیں ہوتے واپسی نہیں ہوگی۔

علی امین گنڈاپور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری تیاری تو پہلے سے ہی مکمل تھی، تاریخ کا اعلان ہوچکا ہے، بہترین طریقے سے احتجاج کریں گے، پہلے بھی بتایا تھا اب پھر بتا رہا ہوں کہ جب تک مطالبات پورے نہیں ہوں گے واپسی نہیں ہوگی۔

خیال رہے بانی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے 24 نومبر کو احتجاج کی فائنل کال دی ہے، عمران خان کی بہن علیمہ خان نے اعلان کیا کہ عمران خان نے پاکستان سمیت پوری دنیا میں احتجاج کی کال دی ہے۔

مزید پڑھیں: بانی پی ٹی آئی عمران خان نے 24 نومبر کو اسلام آباد مارچ کا اعلان کردیا

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ آپ نے اپنے چوری کیے گئے مینڈیٹ کے لیے نکلنا ہے۔ 26 ویں آئینی ترمیم کرکے 10 سالہ مارشل لا قائم کیا گیا ہے، بانی پی ٹی آئی نے قوم، کسانوں، وکلا، سول سوسائٹی، اوورسیز پاکستانیوں کو مخاطب کیا ہے، انہوں نے طلباء اور نوجوانوں کو بھی کہا ہے گھروں سے نکلیں۔

بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ اب ہمیں اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنا ہے، پوری پارٹی اور لیڈرشپ کو ہدایات دے دی گئی ہیں کہ کیا کرنا ہے اور کس طرح کرنا ہے۔

علیمہ خان نے عمران خان کا پیغام عوام تک پہنچاتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے وکلا سپریم کورٹ کے لیے، سول سوسائٹی، کسان اور طلبہ کو احتجاج، چوری شدہ مینڈیٹ، ناحق گرفتار لوگ اور 26ویں آئینی ترمیم اور اپنے مستقبل کے لیے نکلنے کی ہدایت کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حتمی احتجاج میں 2 سے 3 لاکھ لوگ نکل آئے تو کافی ہوں گے، شیر افضل مروت

علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان نے اپنے پارلمنٹیرینز، ٹکٹ ہولڈرز اور ایک ایک کارکن کو مخاطب ہوکر احتجاج کے لیے نکلنے کی ہدایت کی۔ عمران خان نے پاکستانیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آج آپ کے پاس موقع ہے فیصلہ کرنے کا کہ آپ نے آزاد رہنا ہے یا اسی طرح غلامی میں رہنا ہے۔

علیمہ خان نے کہا کہ 9فروری کو مینڈیٹ چوری کرکے گنے چنے لوگوں کو دیا گیا، ان لوگوں کو قومی اسمبلی میں بٹھا کر وہ کیا جو دل چاہتا تھا، لہذا اس نظام اور کٹھ پتلی حکومت سے جان چھڑانے کے لیے نکلیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp