پاکستان اور روسی فیڈریشن کے درمیان بڑھتے مراسم میں پیش رفت کے بعد قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق کی سربراہی میں ایک 7 رکنی پارلیمانی وفد آئندہ ماہ روس کا دورہ کرے گا۔
سفارتی ذرائع کے مطابق اسپیکر ایاز صادق کے ہمراہ ایک اعلی سطح کا پارلیمانی وفد ممکنہ طور پر رواں ماہ کے اختتامی دنوں میں روسی دارالحکومت ماسکو کا دورہ کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور روس کے درمیان پارلیمانی سفارتکاری بڑھانے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط
سفارتی چینلز کے ذریعہ اس دورے کی تیاریاں حتمی مراحل میں ہیں، جو 4 روز پر مشتمل ہوگا، جس کے دوران پاکستانی وفد روسی وزیر اعظم میخائل مشہوسٹن سے ملاقات بھی متوقع ہے۔
روسی نائب وزیراعظم الیکسی اوورچک چند ہفتے قبل پاکستان کا دورہ کرچکے ہیں، جبکہ ایس سی او کے رکن ممالک کے سربراہان مملکت کے اجلاس میں روسی وزیراعظم روسی وفد کے ہمراہ اسلام آباد آئے تھے۔
مزید پڑھیں: روس سے سستا تیل اور گیس کی خریداری پر مذاکرات شروع
حال ہی میں روسی فیڈیشن کونسل کی اسپیکر ویلنٹینا مٹوینیکو نے اپنے دورہ پاکستان میں پاکستان اور روس نے پارلیمانی تعاون بڑھانے کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں، اس تناظر میں پاکستان کی جانب سے پارلیمانی وفد کے دورہ ماسکو کو اہمیت حاصل ہے۔














