پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے نوجوانوں خصوصاً طلبہ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں ان کا مستقبل شدید خطرے میں ہے جس کے سدباب کے لیے وہ 24 نومبر کو باہر نکلیں پارٹی کے احتجاج میں شامل ہوجائیں۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان نے سندھ اور بلوچستان کے عوام کو اپنے صوبوں میں احتجاج کرنے کا کہا ہے، علیمہ خان
عمران خان نے ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہزاروں نوجوانوں کو ہر ماہ روزگار ڈھونڈنے کے لیے ملک چھوڑ کر جانا پڑ رہا ہے لیکن کتنے نوجوان باہر جا سکیں گے سب کو تو ویزا نہیں مل سکتا اور نہ ہی سب کے پاس اتنے وسائل ہیں۔
بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ملک میں جمہوریت ختم ہوچکی ہے اور قانون کی حکمرانی بالکل نہیں رہی کیوں کہ اب عدلیہ کو بھی ٹیک اوور کر لیا گیا ہے۔
مزید پڑھیے: اڈیالہ جیل دور نہیں، ’لوگ‘ جاکر عمران خان سے بات کرسکتے ہیں، فیصل چوہدری
انہوں نے نوجوانوں سے کہا کہ اگر آپ کو اپنے مستقبل، حقوق اور آزادی کے لیے جدوجہد کرنی ہے تو آپ کے پاس اس بوگس نظام کے خلاف کھڑے ہونے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہے۔
https://twitter.com/ImranKhanPTI/status/1857004314109026731?t=Zy4e2Kt_dVpm69bfutUVJg&s=19
عمران خان نے کہا کہ24 نومبر کو تمام نوجوان خصوصاً طلبا و طالبات اپنے حقوق کے لیے ہمارے ساتھ نکلیں کیوں کہ اب اس ملک میں نوجوانوں کا مستقبل شدید خطرے میں ہے۔