راولپنڈی اور اسلام آباد سمیت ملک بھر میں لاکھوں فرزندان اسلام رمضان المبارک کے آخری عشرے کے لیے اعتکاف میں بیٹھ گئے ہیں۔
اسلام آباد کی مشہور فیصل مسجد میں بھی سیکڑوں مسلمان اللہ کے حضور عبادت کے لیے اعتکاف میں بیٹھ گئے ہیں۔
فیصل مسجد میں اعتکاف کے لیے پہلے رجسٹریشن کروانا پڑتی ہے اور پھر انتظامیہ کی منظوری کے بعد ہی کسی بھی شخص کو اعتکاف میں بیٹھنے کی اجازت ملتی ہے۔
فیصل مسجد میں اعتکاف کے لیے قواعد وضوابط طے ہیں، قاری ضیاء الرحمان
فیصل مسجد کے ذمہ دار ڈاکٹر قاری محمد ضیاء الرحمان نے وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہاں پر ہر سال سیکڑوں فرزندان اسلام اعتکاف کرتے ہیں اور اس کا ہم نے ایک طریقہ کار طے کیا ہوا ہے۔
ڈاکٹر قاری ضیاء الرحمان کے مطابق پچھلے سالوں میں اعتکاف کرنے والوں کی تعداد بڑھ گئی تھی اور انتظامات کم پڑ گئے تھے لیکن انہوں نے تعداد کو کنٹرول کرتے ہوئے ایک طریقہ کار بنایا ہے جس کے مطابق 500 سے 600 لوگ اب یہاں پر اعتکاف کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے پہلے فیصل مسجد میں اعتکاف نہ کیا ہو ان کو ترجیحی بنیادوں پر اعتکاف میں بیٹھنے کی اجازت دی جاتی ہے۔
قاری ضیاء الرحمان نے بتایا کہ یہاں پر اعتکاف کے دوران دینی اور تربیتی پروگرام بھی ہوتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ 20 سال سے کم اور 65 سال سے زائد عمر کے افراد کو یہاں اعتکاف کے لیے اجازت نہیں دی جاتی کیونکہ بچوں کے ساتھ جب کوئی سرپرست نہ ہو تو مسائل درپیش آسکتے ہیں جبکہ زیادہ عمر کے لوگوں کے لیے یہاں پر اعتکاف کرنا اس لیے آسان نہیں کہ مسجد بڑی ہونے کی وجہ سے وضو خانے بہت دور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ ہماری یہ بھی شرط ہے کہ زیادہ عمر کے لوگوں کا جسمانی طور پر فٹ ہونا ضروری ہے کیونکہ یہاں پر قیام الیل بھی ہوتا ہے۔
اعتکاف کیا ہے؟
اعتکاف عربی زبان کا لفظ ہے جس کے معنی ٹھہر جانے اور خود کو روک لینے کے ہیں۔ شریعت اسلامی کی اصطلاح میں اعتکاف رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں عبادت کی غرض سے مسجد میں ٹھہرے رہنے کو کہتے ہیں۔