وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے ہمیشہ جلاؤ گھیراؤ کی سیاست کی، اب اگر کسی نے اسلام آباد پر چڑھائی کی کوشش کی تو حکومت سختی سے نمٹے گی۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کو سڑکوں پر افراتفری پھیلانے کے بجائے پارلیمنٹ میں آنا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں نا قابل ترید ثبوت سامنے آ گئے، 9 مئی واقعات کے کیسز کا جلد فیصلہ سنایا جائے، حکومت کا مطالبہ
انہوں نے کہاکہ حکومت نے بڑی محنت سے ملک میں معاشی صورتحال کو کنٹرول کیا، مہنگائی 38 فیصد سے 7 فیصد پر آچکی ہے، غیرملکی سرمایہ کار آرہے ہیں، لیکن تحریک انصاف چاہتی ہے کہ ایسا نہ ہو۔
احسن اقبال نے کہاکہ پی ٹی آئی نے انتخابات کو تسلیم کرتے ہوئے حلف اٹھایا اور ان کے ارکان اسمبلی مراعات لے رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ہمیں قومی مسائل پر مل جل کر ایک ایجنڈا تشکیل دینا چاہیے، اگر ہم تقسیم رہیں گے تو پھر مسائل حل نہیں ہوسکتے۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ عمران خان سیاسی جماعتوں کے بجائے فوج سے بات کرنا چاہ رہے ہیں، اور کئی بار اس خواہش کا اظہار بھی کرچکے ہیں۔
احسن اقبال نے کہاکہ پی ٹی آئی سی پیک فیز ٹو کو روکنا چاہتی ہے، یہ نہیں چاہتے ملکی معیشت بہتر ہو اور عام آدمی خوشحال ہو۔
انہوں نے کہاکہ انہوں نے پہلے امریکی غلامی نامنظور کا نعرہ لگایا اور اب پی ٹی آئی کی پوری قیادت امریکی صدر اور سینیٹرز کے دروازوں پر سجدہ ریز ہے۔
یہ بھی پڑھیں امریکی ارکان کانگریس نے عمران خان کی رہائی کے لیے جوبائیڈن کو ایک اور خط لکھ دیا
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ 2017 میں نواز شریف کو ایک سازش کے تحت وزارت عظمیٰ سے نااہل کیا گیا تھا۔