پاکستان کسان اتحاد نے حکومت کی جانب سے زرعی آمدنی پر ٹیکس عائد کرنے کے فیصلے کے خلاف احتجاج کا اعلان کردیا۔
پاکستان کسان اتحاد کے صدر خالد محمود کھوکھر نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ملک بھر کی تمام کسان تنظیمیں دسمبر میں احتجاج کریں گی۔
یہ بھی پڑھیں قیام پاکستان کے بعد پہلی بار زرعی آمدنی پر ٹیکس لگانے کا فیصلہ
انہوں نے کہاکہ کسانوں کے احتجاج کا کسی سیاسی پارٹی یا ان کے احتجاج سے تعلق نہیں ہوگا۔
خالد محمود نے کہاکہ ملکی معیشت کی بہتری کا واحد ذریعہ یہی ہے کہ زراعت کو ترقی دی جائے لیکن بدقسمتی سے زراعت ہمارے حکمرانوں کی ترجیح میں شامل نہیں۔
انہوں نے کہاکہ گزشتہ سال گندم کی قیمت نہ ملنے پر زراعت کی گروتھ مائنس پر گئی، رواں برس گندم کی کاشت 30 فیصد تک کم ہونے جارہی ہے۔
واضح رہے کہ حکومت نے زرعی آمدن پر ٹیکس لگانے کا اصولی فیصلہ کرلیا ہے، اور اس حوالے سے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو بھی یقین دہانی کروائی گئی ہے۔ اس سے قبل زرعی آمدن پر کوئی ٹیکس نہیں تھا۔
یہ بھی پڑھیں پنجاب اسمبلی نے زرعی ترمیمی بل 2024 کی منظوری دے دی
پنجاب اسمبلی نے کچھ روز قبل ترمیمی زرعی انکم ٹیکس 2024 بل منظور بھی کرلیا ہے، تاہم اپوزیشن کی جانب سے اس کی مخالفت کی گئی۔