ملکی معیشت درست سمت پر گامزن، آئی ایم ایف سے کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں ہوئی، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

اتوار 17 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومتی اقدامات سے پاکستان کی معیشت درست سمت پر گامزن ہے، وزیراعظم شہباز شریف جلد معاشی روڈ میپ پیش کریں گے، آئی ایم ایف سے کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں ہوئی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ آئی ایم ایف اور دیگر مالیاتی اداروں سے رابطہ رہتا ہے، امریکا میں ورلڈ بینک، آئی ایم ایف اور دیگر اسٹیک ہولڈرز سے ملاقاتیں ہوئیں جو مثبت رہیں۔

یہ بھی پڑھیں پاکستان سے معاشی امور پر مذاکرات کے بعد آئی ایم ایف کا مثبت اشارہ

انہوں نے کہاکہ اس کے علاوہ امریکا میں موڈیز، فچ اور دیگر ریٹنگ ایجنسیوں کے ساتھ مثبت میٹنگز ہوئیں۔

محمد اورنگزیب نے کہاکہ حکومتی اقدامات کی بدولت مہنگائی کی شرح 38 فیصد سے کم ہوکر 7 فیصد پر آچکی ہے، جبکہ زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہورہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ اگلے اڑھائی ماہ کی امپورٹ کے لیے زرمبادلہ کے ذخائر کافی ہیں، حکومتی اقدامات کی بدولت پالیسی ریٹ میں بھی خاطر خواہ کم آئی جو خوش آئند ہے۔

وزیر خزانہ نے کہاکہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ یہ آئی ایم ایف کا نہیں پاکستان کا اپنا پروگرام ہے، عالمی مالیاتی ادارہ ہماری مدد کررہا ہے۔

محمد اورنگزیب نے واضح کیاکہ آئی ایم ایف کے وفد سے کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں ہوئی، وفاقی حکومت کی رائٹ سائزنگ کے حوالے سے عالمی مالیاتی ادارے کے ساتھ اپنا پلان شیئر کیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ ملک میں میکرواکنامک استحکام آیا ہے، اب اس کو مزید آگے لے کر جائیں گے، چاروں وزرائے اعلیٰ نے معیشت کی بہتری کے لے تعاون کا یقین دلایا ہے۔

وزیر خزانہ نے کہاکہ عالمی مالیاتی اداروں کا پاکستان پر اعتماد بڑھ رہا ہے، ہم نے ملک کو اکٹھا کرنا اور مسائل کے حل کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا۔

انہوں نے تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کی تعداد پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں اس چیلنج سے نمٹنا ہوگا۔

وزیر خزانہ نے کہاکہ صرف ’چارٹر آف اکانومی‘ ہی نہیں، ’چارٹر آف انوائرمنٹ‘ بھی کرنا ہوگا، ضروری ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے نمٹنے کے لیے سب مل کر کردار ادا کریں۔

یہ بھی پڑھیں ٹیکس ہدف 12 ہزار 970 ارب برقرار، منی بجٹ نہیں آئےگا، پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اتفاق

انہوں نے مزید کہاکہ حکومت ٹیکس نیٹ بڑھانے کے لیے بھرپور اقدامات کررہی ہے، سب کو اپنا حصہ ڈالنا ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp