اسرائیلی فوج کی لبنان میں فضائی بمباری، حزب اللہ کے ترجمان محمد عفیف شہید

اتوار 17 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسرائیلی فوج کی غزہ اور لبنان میں بمباری کا سلسلہ جاری ہے، بیروت میں کی گئی حالیہ کارروائی میں حزب اللہ کے ترجمان محمد عفیف شہید ہوگئے۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے بیروت میں راس البنع پر فضائی حملے کیے گئے ہیں، جس کے نتیجے میں حزب اللہ کے میڈیا ریلیشنز آفیسر محمد عفیف شہید ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں اسرائیلی حملوں سے 2روز میں 85 فلسطینی شہید، حزب اللہ کے جوابی وار

محمد عفیف کے حوالے سے مشہور تھا کہ وہ بیروت میں موجود کئی صحافیوں کے لیے مرکزی رابطہ افسر کا کردار ادا کرتے ہیں۔

محمد عفیف بیروت میں موجود کئی صحافیوں کے لیے حزب اللّٰہ کے مرکزی رابطہ افسر کے طور پر جانے جاتے تھے۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ محمد عفیف سابق حزب اللہ سربراہ حسن نصراللہ کے میڈیا امور کے مشیر رہ چکے ہیں، اور وہ تنظیم کے پیغام کو مؤثر انداز میں پہنچانے میں اہم کردار ادا کرتے تھے۔

محمد عفیف نے ماضی میں المنار ٹی وی کے ڈائریکٹر جنرل کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں، انہیں صحافتی حلقے میں ایک معتبر اور جانا پہچانا نام سمجھا جاتا تھا۔

محمد عفیف ہمیشہ سرگرم رہتے تھے کہ حزب اللہ کا پیغام کسی طریقے سے عالمی میڈیا تک پہنچے، وہ جنوبی بیروت کے علاقوں میں صحافیوں کو دورے بھی کرواتے رہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے بیروت کے علاقے داحیہ پر بھی بمباری کی ہے، اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لبنان پر 145 حملے ریکارڈ کیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ 7 اکتوبر 2023 کو فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کی جانب سے کیے گئے ایک آپریشن کے بعد سے اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ جاری ہے، اسرائیلی فوج سویلین شہریوں کو نشانہ بنا رہی ہے اور اب تک 40 ہزار سے زیادہ فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، جن میں زیادہ تر تعداد بچوں کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں حزب اللہ کے ہاتھوں اسرائیل کو بڑے فوجی نقصان کا سامنا، تل ابیب نے بھی تصدیق کردی

دوسری جانب اسرائیلی فوج نے اب غزہ کے بعد لبنان پر بمباری کا سلسلہ بھی جاری رکھا ہوا ہے، جس کے باعث آئے روز شہادتیں ہورہی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp