پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی 24 نومبر کے احتجاج کو کامیاب بنانے کے لیے متحرک ہوگئی ہیں اور پارٹی رہنماؤں کو اہم ہدایات جاری کی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بشریٰ بی بی نے وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں ہونے والے اجلاسوں سے خطاب کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں عمران خان کی فائنل کال، کیا پی ٹی آئی احتجاج کو دھرنے میں بدل پائے گی؟
میڈیا رپورٹس کے مطابق بشریٰ بی بی نے کہاکہ 24 نومبر کے احتجاج میں مطالبات پورے ہونے تک واپسی نہیں ہوگی، اور تمام مظاہرین مقررہ جگہ پر موجود رہیں گے۔
انہوں نے ہدایات دیتے ہوئے کہاکہ عمران خان کی جانب سے دی گئی فائنل کال کو کامیاب بنانے کے لیے تمام تر توانائیاں استعمال کی جائیں گی، پی ٹی آئی کا ہر ایم این اے 10 ہزار، جبکہ ایم پی اے 5 ہزار لوگوں کو احتجاج میں لائے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بشریٰ بی بی نے احتجاج میں شامل کارکنوں کی ویڈیوز بنا کر رپورٹ دینے کی بھی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ ویڈیوز گاڑی کے اندر سے بنائی جائیں۔
انہوں نے کہاکہ پارلیمنٹیرینز کا قافلہ دوسرے قافلوں کے ساتھ نہیں ملے گا، اس کے علاوہ انہوں نے احتجاج میں آنے والے کارکنوں کو ٹرانسپورٹ سمیت ہر طرح کی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
واضح رہے کہ عمران خان نے مطالبات کی منظوری کے لیے 24 نومبر کو احتجاج کی فائنل کال دی ہے، جس کی تیاریاں بھرپور طریقے سے جاری ہیں، اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ہم عمران خان کی رہائی کے لیے ہر صورت اسلام آباد پہنچیں گے۔
یہ بھی پڑھیں پی ٹی آئی کا احتجاج کوئی چیلنج نہیں، یہ کال خود ان کے لیے نقصان کا باعث بنے گی، رانا ثنااللہ
دوسری جانب حکومت کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے احتجاج کی کال ہمارے لیے کوئی چیلنج نہیں، ان سے نمٹ لیا جائے گا، یہ کال خود ان کے لیے نقصان کا باعث بنے گی۔