پاکستان کرکٹ ٹیم ان دنوں دورہ آسٹریلیا پر ہے۔ جہاں گرین شرٹس نے ون ڈے سیریز میں 22 برس بعد کینگروز کو ان کی ہی سرزمین پر شکست سے دوچار کیا، وہیں ٹی20 سیریز کے پہلے 2 میچز میں ہزیمت اٹھانا پڑی۔ خبر یہ ہے کہ کپتان محمد رضوان نے اپنے وکٹ کیپنگ دستانے سڈنی کرکٹ گراؤنڈ کے میوزیم کو عطیہ کر دیے ہیں۔
واضح رہے کہ کپتان بابراعظم کے استعفے کے بعد 27 اکتوبر 2024 کو وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کو قومی ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا تھا۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے لاہور مین منعقدہ پریس کانفرنس میں بتایا تھا کہ سلمان علی آغا ٹیم کے نائب کپتان ہوں گے۔ چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ بابر پاکستانی کرکٹ ٹیم کا اثاثہ ہیں۔ انہوں نے اس بات کا اظہار کیا ہے کہ وہ کپتانی نہیں کرنا چاہتے۔ وہ اپنی کارکردگی پر توجہ دینا چاہتے ہیں، ہم اُن کے اس فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔
مزید پڑھیں:آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹی20 میں شکست کا ذمہ دار کون؟ محمد رضوان نے بتادیا
محسن نقوی نے امید ظاہر کی تھی کہ محمد رضوان کی قیادت میں پاکستانی ٹیم ایک بار پھر عالمی سطح پر مضبوط ہو گی۔ کپتان بننے پر رضوان نے اپنے پیغام میں کہا تھا کہ وہ سلیکٹرز، کوچز اور کھلاڑیوں کے ساتھ تعاون کریں گے اور شائقین کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔
🚨 Mohammad Rizwan has donated his wicket-keeping gloves to the museum of Sydney Cricket Ground. #AUSvPAK pic.twitter.com/JEKwm4bZld
— Arfa Feroz Zake (@ArfaSays_) November 18, 2024
32 سالہ محمد رضوان کا تعلق پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا سے ہے۔ انھوں نے اپنے کیرئیر کا آغاز 2015 میں انگلینڈ کے خلاف راولپنڈی میں ایک روزہ میچ سے کیا۔ رضوان نے اپنا پہلا ٹیسٹ میچ نیوزی لینڈ کے خلاف 2016 میں کھیلا۔
محمد رضوان اب تک کُل 35 ٹیسٹ میچز کھیل چُکے ہیں جن میں اُنھوں نے 2009 رنز بنائے ہیں اور 171 رنز ناٹ آؤٹ اُن کا بہترین سکور ہے جبکہ انھوں نے 77 ایک روزہ میچز کھیلے ہیں، ون ڈے میں اُن کا بہترین سکور 131 ناٹ آؤٹ ہے۔
مزید پڑھیں:آسٹریلیا سے شکست کے باوجود بابر اعظم نے ٹی20کرکٹ کے کون سے 2 نئے ریکارڈ بنائے؟
اگر ٹی20 میچز کی بات کریں تو محمد رضوان نے اب تک 104 میچز کھیلے ہیں جن میں انہوں نے 3329 رنز بنائے ہیں اور 104 رنز ناٹ آؤٹ اُن کا بہترین سکو رہا ہے۔ محمد رضوان نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر سرفراز احمد کی جگہ ٹیم میں شمولیت اختیار کی تھی۔