اسموگ میں بہتری، 2 ڈویژنز کے علاوہ پنجاب بھر میں تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ

پیر 18 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

حکومت پنجاب نے صوبے کے مختلف شہروں میں اسموگ کی صورتحال بہتر ہونے پر 2 ڈویژنز کے علاوہ صوبہ بھر میں تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ماحولیاتی تحفظ کے ادارے (ای پی اے) کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق، لاہور اور ملتان ڈویژن کے سوا تمام اضلاع میں تعلیمی ادارے کل (19 نومبر بروز منگل) سے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اسکول پونے 9 بجے سے پہلے نہیں کھلیں گے، تمام طلبہ، اساتذہ اور عملے کے لیے ماسک پہننا لازمی ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی: ایئرکوالٹی بہتر ہونے پر تمام تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تعلیمی اداروں میں آؤٹ ڈور اسپورٹس اور دیگر غیرنصابی سرگرمیوں پر پابندی رہے گی، جماعتوں کے لحاظ سے الگ الگ چھٹی کے اوقات مقرر ہوں گے تاکہ ٹریفک کا اژدہام نہ ہو۔

Re-opening of Educational Institutions-1 by Syed Awad on Scribd

سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ مشرقی ہواؤں کے رخ اور رفتار میں تبدیلی سے پنجاب میں اسموگ کی صورت حال بہتر ہو گئی ہے، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر تعلیمی ادارے کل سے کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب: اسموگ کے باعث تعلیمی اداروں کی بندش میں 24 نومبر تک توسیع، تعمیراتی سرگرمیوں پر پابندی بھی برقرار

انہوں نے کہا ہے کہ انسانی زندگیوں کو نقصان سے بچانے کے لیے مشکل فیصلے کیے گئے، بچوں کی تعلیم بہت ضروری ہے لیکن ان کی صحت پر سمجھوتہ نہیں کرسکتے، اسکول انتظامیہ احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد یقینی بنائے۔

مریم اورنگزیب نے حکومتی اقدامات میں تعاون پر عوام کا شکریہ ادا کیا اور پنجاب حکومت کے تمام اداروں، ای پی اے، پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے افسران اور عملے کو شاباش دی۔ ماحولیاتی ماہرین کے مطابق، بالائی علاقوں میں بارش برسنے سے پنجاب کے زیادہ تر اضلاع میں فضا کا معیار بہتر ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں اسموگ نے ایک ماہ میں کتنے افراد شدید بیمار کیے؟

اس سے پہلے، آج صبح انوائرمنٹ پروٹیکشن ایجنسی نے ایئرکوالٹی بہتر ہونے پر صرف راولپنڈی ڈویژن میں موجود تمام تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کیا تھا۔ تعلیمی ادارے کھولنے کے لیے ایئرکوالٹی بہتر ہونے پر کمشنر راولپنڈی نے سفارش کی، جس پر نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا۔

خیال رہے پنجاب حکومت نے اسموگ کے بڑھتے ہوئے چیلنج کے پیش نظر پنجاب کے 18 اضلاع کے سرکاری اور نجی سکینڈری اور ہائر سکینڈری تعلیمی اداروں کو ایئرکوالٹی انڈیکس بہتر ہونے تک 7 سے17 نومبر تک بند رکھنے کا اعلان کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: دنیا کا آٹھواں عجوبہ بھی اسموگ کے نشانے پر

پنجاب حکومت کی جانب سے یہ اعلان بھی کیا گیا کہ ہر طرح کے کھیلوں، نمائش اور فیسٹیول کے انعقاد پر بھی 24 نومبر تک پابندی عائد ہوگی جبکہ ملتان اور لاہور میں تعمیراتی سرگرمیوں پربھی 24 نومبر تک پابندی رہے گی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور اور ملتان دونوں شہروں میں فرنس آئل اور اینٹوں کے بھٹوں کے چلائے جانے پر بھی 24 نومبر تک پابندی ہے جبکہ لاہور میں آتشبازی پر 31 جنوری تک پابندی برقرار رہے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp