اپر چترال: سڑک کی تعمیر میں تاخیری حربوں کے خلاف سینکڑوں افراد کا احتجاجی دھرنا

پیر 18 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبرپختونخوا کے ضلع اپر چترال میں سڑک کی تعمیر میں تاخیر کے خلاف عوام کا احتجاجی دھرنا دو روز سے جاری ہے، جس میں سینکڑوں افراد شریک ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اپر چترال کی تحصیل تورکھو اور تریچ یوسی کے عوام نے بونی بزند روڈ کی تعمیر میں تاخیر، سی اینڈ ڈبلیو اور ٹھیکیدار کے تاخیری حربوں کے خلاف ضلعی ہیڈکوارٹر بونی میں دھرنا دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں اپر چترال: سیلاب سے پورا گاؤں تباہ، 2 ہلاکتیں

علاقہ عمائدین، منتخب بلدیاتی نمائندگان اور تورکھو تریچ روڈ فورم کے نمائندگان کا مؤقف ہے کہ اس سے قبل دو تحریری معاہدوں کے باوجود سڑک کی تعمیر میں تاخیری حربے استعمال کیے جارہے ہیں، جبکہ ٹھیکیدار کو خلاف ضابطہ بل کی پیشگی ادائیگی بھی کردی گئی ہے۔

دھرنے میں شریک افراد زیرتعمیر بونی بزند روڈ پر محمکہ سی اینڈ ڈبلیو اور اس کے ٹھیکیدار کی جانب سے کام میں سست روی اور جان بوجھ کر تاخیری حربے استعمال کرنے کے خلاف احتجاج کررہے ہیں۔

مظاہرین کے مطابق 36 کروڑ روپے کی لاگت کے اس پراجیکٹ پر اب تک ایک ارب 20 کروڑ روپے خرچ ہوچکے ہیں لیکن ابھی تک 28 کلومیٹر سڑک میں سے 10 کلومیٹر بھی پختہ نہیں ہوسکی۔

یہ بھی پڑھیں طالبان کی پابندی کے باوجود افغانستان میں پوست کی کاشت میں کئی گنا اضافہ

احتجاجی مظاہرین کا کہنا ہے کہ اعلیٰ حکام نوٹس لے کر سڑک کی ہنگامی بنیادوں پر تعمیر کے احکامات جاری کریں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp