اسلام آباد پولیس نے 24 نومبر کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج سے نمٹنے کی حکمت عملی تیار کرلی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:اسٹیبلشمنٹ سے کوئی بات نہیں ہوئی، اسلام آباد احتجاج دھرنےمیں بدل سکتا ہے، بیرسٹر سیف
میڈیا رپورٹس کے مطابق، اسلام آباد پولیس نے بھاری نفری طلب کرنے کے علاوہ 40 ہزار آنسو گیس شیلز اور 2 ہزار ٹیئر گیس شیل منگوانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ 2500 بندوقوں کے ساتھ 50 ہزار ربڑ کی گولیاں اور 5 ہزار اینٹی رائٹس کٹس بھی منگوائی جارہی ہیں۔
اسلام آباد میں مظاہرین سے نمٹنے کے لیے اسلام آباد پولیس، رینجرز، ایف سی، پنجاب اور سندھ پولیس کے 22 ہزار جوان وفاقی دارالحکومت میں تعینات ہوں گے۔ اسلام آباد پولیس نے رینجرز اور ایف سی کے 9 ہزار اہلکاروں کی خدمات طلب کی ہیں۔ اسلا آباد پولیس نے پاک رینجرز کے 5 ہزار اور فرنٹیئر کانسٹیبلری کے 4 ہزار اضافی اہلکاروں کی تعیناتی کی درخواست کی ہے۔ سامان کی خریداری اور نفری بلانے کی سفارشات پر مبنی خط وزارت داخلہ کو بھجوا دیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، اسلام آباد پولیس نے اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کردی ہیں اور چھٹی پر گئے اہلکاروں کو واپس بلا لیا گیا ہے۔ تمام ایس ایچ اوز کو نفری فراہمی کی لسٹیں بھی مرتب کرلی گئی ہیں۔ ایف سی اور دیگر صوبوں کی نفری بھی 21 نومبر کو اسلام آباد پہنچ جائے گی۔ پی ٹی آئی کے احتجاج سے نمٹنے کے لیے اسلام آباد کے گردونواح میں کنٹینرز پہنچانے کا کام بھی شروع ہوگیا ہے۔