پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے احتجاجی تحریک کے لیے مانیٹرنگ سیل قائم کرلیا، جس میں دیکھا جائے گا کہ احتجاج میں کون کتنے بندے لایا، اور مظاہرے میں کون منزل تک پہنچا یا راستے سے غائب ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق مانیٹرنگ سیل نے کارکنوں کی لسٹوں کی تیاری پر کام شروع کردیا ہے، سنٹرل ڈسٹرکٹس میں مرد و خواتین کی الگ الگ ٹیمیں بنائی گئیں ہیں۔ ہر ممبر صوبائی اسمبلی اور ایم این اے کو مانیٹر کیا جائے گا اور مانیٹرنگ ٹیموں کو خفیہ رکھا جائے گا۔
مزید پڑھیں: 24نومبر احتجاج:40 ہزارآنسوگیس شیلز کیساتھ اسلام آباد پولیس پی ٹی آئی سے نمٹنے کے لیے تیار
ذرائع کا کہنا ہے کہ مانیٹرنگ سیل خیبرپختونخوا کے قافلوں کو لیڈ کرنے والے رہنماؤں کے ساتھ رابطے میں ہوگا، مانیٹرنگ سیل ریسکیو1122 ہیڈکوارٹر میں کام کرے گا۔
خیال رہے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہیں اور عمران خان کے کہنے پر احتجاج کی کال کو کامیاب بنانے کے لیے وہیں سے ہدایات جاری کررہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وی ایکسکلوسیو، بشریٰ بی بی 24 نومبر کے احتجاج میں شریک نہیں ہوں گی، شیر افضل مروت
عمران خان نے بشریٰ بی بی کو پیغام رسانی کی ہدایات دی ہیں، جس کے تحت وہ صوبے سے منتخب ہونے والے سینیٹرز اور ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کو ذمہ داریاں تفویض کررہی ہیں۔
واضح رہے 24نومبر کو تحریک انصاف کی جانب سے احتجاج کی کال دی گئی ہے، اس حوالے سے ایم این ایز کے لیے 10ہزار اور ایم پی ایز کے لیے 5ہزار افراد کو اسلام آباد تک لانے کی ذمہ داری دی گئی ہے جبکہ ٹرانسپورٹ کا بندوبست بھی منتخب نمائندوں کے ذمے رکھا گیا ہے۔