اسلام آباد میں میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلے کے لیے 24 نومبر کو ہونے والا ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ ملتوی کردیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ ملتوی کرنے کا فیصلہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 24 نومبر کے احتجاج کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایم ڈی کیٹ امتحان دینے والے طلبہ کو ریلیف مل گیا، اسلام آباد ہائیکورٹ سے بڑا حکم جاری
شہید ذولفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی یونیورسٹی نے اس حوالے سے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) کو آگاہ کردیا ہے۔ اسلام آباد میں میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج میں داخلہ ٹیسٹ اب آئندہ ماہ ہوگا۔
میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کے لیے اب 8 اور 15 دسمبر کی تاریخیں زیرغور ہیں، تاہم ٹیسٹ کی حتمی تاریخ کا ابھی تعین نہیں کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وفاقی دارالحکومت میں کسی احتجاج یا دھرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، اسلام آباد ہائیکورٹ کا تحریری فیصلہ جاری
واضح رہے کہ 29 اکتوبر کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایک ماہ میں ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ دوبارہ لینے کا حکم دیا تھا۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا تھا کہ پی ایم ڈی سی رپورٹ کے مطابق ایم ڈی کیٹ پیپر میں سوالات کورس میں سے نہیں تھے، اس لیے شہید ذوالفقار علی بھٹو یونیورسٹی ایک ماہ میں دوبارہ ٹیسٹ لے۔
مختصر فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد کی حدود کے درخواست گزاروں سے دوبارہ امتحان لیا جائے۔ عدالت نے قرار دیا تھا کہ جن امیدواروں نے پہلے امتحان دیا ہے اور دوبارہ دینا چاہتے ہیں صرف ان کو اجازت ہوگی، امیدواروں کو پہلا یا دوسرا رزلٹ بطورآپشن استعمال کرنے کی اجازت ہوگی۔