وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ تحریک انصاف کا ایجنڈا خطرناک اور سمجھ سے باہر ہے، پہلے کہتے تھے امریکی غلام نہیں اور جلسوں میں امریکا کے جھنڈے لہرا رہے ہیں۔ اب پھر انہوں نے پھر ایک دوست ملک پر حملہ کیا ہے۔ جہاں بیرونی حملے ہورہے ہیں وہاں اندرونی حملے بھی ہورہے ہیں۔
کچھی کینال کی بحالی منصوبہ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ کل ایک ویڈیو دیکھی تو لگا شاید یہ ایڈیٹڈ ہے، ایک گھریلو خاتون نے پاکستان پر حملہ کیا، گھریلو خاتون نے دوست ملک پر حملہ کیا ہے، وہ دوست ملک ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کو آیا، وہ ملک پاکستا ن کا قابل اعتماد دوست اور محسن ہے۔
’میں یہ نہیں مان سکتی کہ بشریٰ بی بی کو اس بیان کے نتائج کا علم نہیں‘۔
مزید پڑھیں: بشریٰ بی بی کے بیان سے ظاہر ہوتا ہے اب وہی پی ٹی آئی کی قیادت کررہی ہیں، خواجہ آصف
وزیر اعلیٰ مریم نواز کا کہنا تھا کہ ملک پر حملے خوارجی دہشتگرد نہیں بلکہ خیبرپختونخوا حکومت کر رہی ہے۔ خیبرپختونخوا حکومت وفاق اور پنجاب پر حملوں کے لیے تیار بیٹھی ہے۔ جب پاکستان ترقی کرنے لگتا ہے دھرنے آجاتے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ آج میرے لیے بہت نہایت خوشی اور اطمینان کا دن ہے، شہبازشریف اسپیڈ سے یہ منصوبہ مکمل کیا گیا ہے، کچھی کینال منصوبے سے بلوچستان کی زمین سیراب ہوگی۔ مجھے خوشی ہے کہ نواز شریف دور میں اسی منصوبے کا آغاز ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: بشریٰ بی بی کا بیان پاک سعودی تعلقات پر شب خون، فتنہ انگیز بیان پر انکوائری کا مطالبہ، پنجاب اسمبلی
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے دور میں منصوبہ پایا تکمیل تک پہنچا، کئی سال بعد پاکستان سے ہر روز ایک اچھی خبر آ رہی ہے، دشمن انتظار میں بیٹھے تھے کہ پاکستان ڈیفالٹ کرجائے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے، آج بات ہورہی ہے کہ اسٹاک مارکیٹ تمام ریکارڈ توڑ رہی ہے۔