سعودی عرب جیسے ملک کیا سوچیں گے کہ پاکستانی سیاستدان کیسے ہیں، وزیر اعظم شہباز شریف

جمعہ 22 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی عرب پاکستان کا دوست، مربی اور محسن ہے، پاکستان اور سعودی عرب کی دوستی کو نقصان پہنچانے کی طرف بڑھنے والے ہاتھ کو توڑ دیں گے۔ مملکت کے خلاف بیان ناقابل معافی جرم ہے۔

بلوچستان میں کچھی کینال بحالی منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سعودی عرب پاکستان کا ایسا برادر ملک ہے جس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے، مملکت نے ہر فورم پر بغیر کسی لالچ کے ہمارا ساتھ دیا۔

یہ بھی پڑھیں سعودی عرب پاکستان کا دوست اور محسن، بشریٰ بی بی کا بیان بے بنیاد ہے، جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ

انہوں نے کہاکہ سعودی عرب 77 سال سے ہماری مدد کررہا ہے لیکن کبھی اس کے بدلے میں کوئی مطالبہ نہیں کیا، گزشتہ روز سیاسی مقاصد کے لیے جو بیان دیا گیا پاکستان کے ساتھ اس سے بڑھ کر کوئی دشمنی نہیں ہوسکتی۔

شہباز شریف نے کہاکہ سعودی عرب کے بادشاہ شاہ سلمان اور سعودی فرمانروا محمد بن سلمان پاکستان کے بہت اچھے جذبات رکھتے ہیں، اور ہمارے ملک میں سرمایہ کاری کے لیے ہدایات دی ہوئی ہیں۔ سعودی عرب جیسے ملک کے بارے میں اگر زہر اگلا جائے گا تو وہ کیا سوچیں گے کہ پاکستان کے سیاستدان کیسے ہیں۔ معاشرے میں ایسا زہر گھولا جارہا ہے جس کا ان لوگوں کو اندازہ ہی نہیں۔

شہباز شریف نے کہاکہ جب پاکستان ایٹمی طاقت بنا، اور نواز شریف سعودی عرب گئے تو اس وقت کے بادشاہ شاہ عبداللہ نے نواز شریف کا ہاتھ پکڑ کر کہاکہ پاکستان ہمارا بھائی ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ ایٹمی دھماکوں کے بعد جب پابندیاں لگیں تو سعودی عرب نے پاکستان کو مفت تیل فراہم کیا۔

انہوں نے کہاکہ ہم کسی کو بھی پاکستان کے مفادات کے ساتھ کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہاکہ کچھی کینال بحالی منصوبہ وزیراعلیٰ بلوچستان کی کاوشوں کا نتیجہ ہے، ہم اس کے دوسرے مرحلے کو بھی مکمل کریں گے۔

وزیراعظم نے کہاکہ پرویز مشرف کے دور میں اس منصوبے کا بیڑا غرق کیا گیا، اس منصوبے کے اصل محسن نواز شریف ہیں۔

انہوں نے کہاکہ مریم نواز دن رات محنت کررہی ہیں جس کے ثمرات جلد عوام کے سامنے آئیں گے، ہم کچھی کینال منصوبے کے اگلے مرحلے کے لیے وسائل فراہم کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں بشریٰ بی بی کے بیان سے ظاہر ہوتا ہے اب وہی پی ٹی آئی کی قیادت کررہی ہیں، خواجہ آصف

شہباز شریف نے اپنے خطاب میں مزید کہاکہ جو نواز شریف کے دوست وہ میرے دوست ہیں، اور جو ان کے مخالف وہ میرا مخالف ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp