پی ٹی آئی سے ملکی ترقی ہضم نہیں ہو رہی ان کا احتجاج غیر قانونی ہے، عطا تارڑ

ہفتہ 23 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی کسی سے بھی بات چیت نہیں ہورہی، محسن نقوی کا بیرسٹر گوہر سے رابطہ ہوا ہے۔ پی ٹی آئی کا احتجاج غیر قانونی ہے جو بھی آئے گا مقدمات درج ہوں گے، امن وامان خراب کرنے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دیں گے۔ پی ٹی آئی والوں سے ملکی ترقی ہضم نہیں ہو رہی۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جب بھی دوست ممالک پاکستان میں سرمایہ کار ی بڑھانا چاہتا ہے یہ احتجاج کی کال دے دیتے ہیں۔ ہمارے دوست ممالک پاکستان کی خیر خواہی چاہتے ہیں۔ ہم ملک کی ترقی کے لیے دن رات ایک کررہے ہیں یہ دھرنے دینے میں بیٹھے ہوئے ہیں۔

مزید پڑھیں: پی ٹی آئی اندرونی اختلافات کی شکار ہے، عطا تارڑ

عطا تارڑ نے کہا کہ جو بھی احتجاج میں آئے گا اس کے خلاف سخت ایکشن لیاجائے گا۔ خیبرپختونخوا میں آگ لگی ہوئی ہے۔ پاکستان دشمنوں کی سوچ ہے کہ ملک ترقی نہ کرے۔ کیا وجہ ہے کہ ترقی شروع ہوتے ہی احتجاج شروع کردیا جاتا ہے۔کسی کو اجازت نہیں ہوگی کہ وہ شہریوں کے جان ومال کو نقصان پہنچائیں۔ جن افسران نے سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لیا ان کو پروموشن بورڈ میں دیکھا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ چین، سعودی عرب، یو اے ای نے پاکستان کی ہمیشہ مدد کی۔ بیلاروس کے صدر پاکستان کے بہترین دوست ہیں، ٹریکٹر کی صنعت میں بہترین سرمایہ کاری ہونے والی ہے۔ پاکستان اسٹاک مارکیٹ کل دنیا بھر میں دوسرے نمبر پر رہی۔ شرح سود 15 فیصد پر آگئی ہے، شرح سود کم ہونے سے انویسٹمنٹ بڑھتی ہے۔ ملک کی بہتری کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp