راولپنڈی تھانہ نیو ٹاؤن پولیس پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان سے اڈیالہ جیل میں لیاقت باغ احتجاج کیس میں آج تفتیش مکمل کرنے کے بعد روانہ ہوچکی ہے۔
بانی پی ٹی آئی کو تھانہ نیو ٹاؤن کے 28 ستمبر کے مقدمہ میں شامل تفتیش کیا گیا تھا۔ اڈیالہ جیل میں ایک گھنٹے تک جاری رہنے والی تفتیش کے دوران تفتیشی افسر راشد کیانی کی جانب سے بانی پی ٹی آئی سے مقدمہ کے حوالے سے متعدد سوالات پوچھے گئے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی خاطر ہمیشہ مذاکرات کے لیے تیار ہوں، عمران خان کا اڈیالہ جیل سے پیغام
دوران تفتیش بانی پی ٹی آئی سے 28 ستمبر کے احتجاج کے لیے لوگوں کو اکسانے اور اشتعال دلانے کے حوالے سے سوالات کیے گئے۔ ذرائع کے مطابق، تفتیشی ٹیم نے بانی پی ٹی آئی سے تفتیش کے لیے 15 سے زائد سوالات تیار کیے تھے، سوالات پہلے سے گرفتار و جوڈیشل ہونے والے 23 ملزمان سے ہونے والی تفتیش کے تناظر میں تیار کیے گئے تھے۔
اڈیالہ جیل ذرائع کا بتانا ہے کہ تفتیشی ٹیم نے اڈیالہ جیل اور عدالت میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتیں کرنیوالوں کا ریکارڈ بھی حاصل کیا کرلیا ہے، تفتیشی ٹیم نے تحریک انصاف کے رہنماؤں کی تقاریر اور سوشل میڈیا پوسٹوں کا ریکارڈ بھی حاصل کرلیا ہے، تفتیشی ٹیم کے پاس سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز بھی موجود ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ایکس پر دھمکی آمیز بیان، عمران خان ایف آئی اے کی تحقیقات میں شامل تفتیش ہوگئے
تفتیشی ٹیم کے اڈیالہ جیل پہنچنے سے قبل ذرائع نے بتایا تھا کہ تفتیشی ٹیم ممکنہ طور پر عمران خان سے سوال کرے گی کہ 28 ستمبر کو آپ نے کال دی اس پر راولپنڈی میں پر تشدد مظاہرے ہوئے، اس پر آپ کا کیا مؤقف ہے؟ مقامی لیڈر شپ پی ٹی آئی سیمابیہ طاہر و دیگر نے آپ کی کال پر پرتشدد مظاہرے کئے، آپ کا کیا مؤقف ہے؟
ذرائع کے مطابق، عمران خان سے سے ممکنہ طور پر پوچھا گیا ہے کہ ان کی رسائی جن افراد تک ہے ان کے ذریعے سے آپ کا مؤقف باہر جاتا ہے اس پر آپ کیا کہتے ہیں؟ آپ نے اپنی پارٹی کے کارکنوں کو پر تشدد مظاہرے کرنے پر اکسایا ؟آپ نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے کا کہا؟
یہ بھی پڑھیں: جیل سے باہر آکر تمہیں اور چیئرمین نیب کو نہیں چھوڑوں گا، عمران خان کی نیب تفتیشی آفیسر کو دھمکی
قبل ازیں، انسداد دہشتگردی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا تھا۔ عدالت نے پولیس کو بانی پی ٹی آئی سے جیل میں ہی تفتیش مکمل کرنے کی ہدایت کی تھی۔ بانی پی ٹی آئی کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ 26 نومبر کو مکمل ہو گا۔