وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی کی ایم پی ایز اور ایم این ایز کو کوئی دھمکی کام نہیں آرہی ہے۔ جنات اور مؤکلات کو ہم نہیں دیکھ سکتے لیکن لوگ ان کے لیے نہیں نکلے۔ بشریٰ بی بی نے کہا تھا کہ ویڈیوز بنا کر بھیجنا، ویڈیوز بھیج کر لوگ گھروں کو واپس چلے گئے۔ بانی پی ٹی آئی کی آخری کال مس ہوگئی ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ علیمہ باجی اور بشریٰ بی بی عوام کے بچوں کو بلارہی ہیں تو اپنے بچے بھی باہر نکالیں۔ پی ٹی آئی والے سیاسی لوگ نہیں، پی ٹی آئی والوں نے کھنہ پل کے قریب گاڑی کو جلایا۔ زرتاج گل نے بھی کل بڑے ڈرامے کیے، ایسا کرنے سے زرتاج گل کو ٹکٹ نہیں ملے گا۔ پی ٹی آئی پاکستان کے حالات خراب کرنے پر تلی ہوئی ہے۔ یہ اپنے لیڈر کے لیے این آر او مانگ رہے ہیں۔ پنجاب کے لوگوں نے پی ٹی آئی کے احتجاج کو مسترد کردیاہے۔
مزید پڑھیں: ریاست فسادیوں کے سامنے سرنڈر نہیں کرے گی، عظمیٰ بخاری
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مریم نواز نے پنجاب کے عوام کی جانب سے فتنہ کو ریجکٹ کرنے پر شکریہ ادا کرنے کا کہا ہے۔ بیلاروس کا وفد پاکستان میں آیا ہے آج کے دن ہی ان لوگوں کو آنا ہے۔ پورے پنجاب کے اندر سے 80 مجاہدین کو گرفتار کیا گیا، اس سے بڑی شرمندگی کسی لیڈر کے لیے نہیں ہو سکتی جس کی مرو مارنے کی کال پر بھی لوگ باہر نہ آئیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب اور لاہور میں لوگ با ہر نہیں نکلے۔ کل بشریٰ بی بی کو فساد مارچ سے خطاب کرتے ہوئے دیکھا، جب بشریٰ بی بی خطاب کرنے آئیں تو احتجاج سونے چلا گیا تھا۔ علیمہ باجی کہاں ہیں، کل سے کہیں نظر نہیں آ رہیں۔ بانی پی ٹی آئی کو رہا عدالتوں نے کرنا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں امن وامان کی صورتحال خراب ہے۔ پارا چنار میں خون کی ہولی کھیلی جارہی ہے۔ علی امین گنڈا پور کو اپنے صوبے کی کوئی پرواہ نہیں وہ اسلام آباد پر حملہ آور ہے۔ یہ تحریک انصاف کی آخری کال ہے۔ پورے پنجاب سے 80 لوگ احتجاج کے لیے نکلے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز لوگوں کو ریلیف دینے کے لیے دن رات ایک کررہی ہیں۔
مزید پڑھیں: خیبرپختونخوا میں آگ لگی ہے اور وزیراعلیٰ ستو پی کر سویا ہوا ہے، عظمیٰ بخاری
وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا بھی اپنے صوبے کے عوام کے لیے کام کریں۔ کل مظاہرین نے کھنہ پل راولپنڈی میں 6 پولیس اہلکاروں کو زخمی کیا۔ پولیس وین کو تباہ کرنے والے کیسے پرامن لوگ ہوسکتے ہیں۔ 50، 50 روپے بانٹ کر لوگوں کو احتجاج میں بلایا جا رہا ہے۔ بانی پی ٹی آئی نے لوگوں سے کہا کہ جہاد کے نعرے لگاؤ۔ کیا بانی پی ٹی آئی مؤکلوں کے کندھوں پر بیٹھ کرجیل سے باہر آئیں گے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ میانوالی انٹر چینج کو کل آگ لگادی گئی۔ لوگوں کو پتھر مارنا، گاڑیوں کو تباہ کرنا اور املاک کو آگ لگانا ان لوگوں کا وطیرہ ہے۔ زرتاج گل ٹکٹ پکی کرنے کے لیے گھر سے سفید جھنڈا لے کر نکلیں۔