پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی فائنل کال کے بعد احتجاج کے دوران لاہور شہر میں پولیس نے دفعہ 144 کیخلاف ورزی پر 90 سے زائد پی ٹی آئی کارکن گرفتار کرکے مقدمات درج کرلیے ہیں۔
پنجاب پولیس نے گرفتار کارکنان پر درج مقدمات میں پولیس مقابلوں کی دفعات بھی شامل کررکھی ہیں۔ پی ٹی آئی کارکنوں کے خلاف ہربنس پورہ، مزنگ، اسلام پورہ، لاری اڈا، قلعہ گجر سنگھ، شفیق آباد، جوہر ٹاؤن، گرین ٹاؤن، مناواں اور ڈیفینس سی میں مقدمات درج ہوئے ہیں۔
مزید پڑھیں: ٹیکسلا: عمران خان، بشریٰ بی بی اور علیمہ خان سمیت پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت کیخلاف مقدمہ درج
پولیس کی جانب سے جاری کردہ تصیلات کے مطابق گرفتار ملزمان میں رانا ضمیر، رانا احسان، ایم پی اے حافظ ذیشان، عرفان، حضرت گل، نعیم بادشاہ، عنصر، امداد، سلمان، فیض، ارشد، عثمان، شرافت، سنیل، وقاص، شبیر، عثمان، اسرار، وقار، فیاض، حمزہ سمیت دیگر شامل ہیں۔
دوسری جانب لاہور ٹریفک پولیس نے روٹ پلان جاری کردیا جس کے مطابق شہر کے داخلی و خارجی راستے کھلے ہیں۔ راوی پل، پرانا راوی پل، سگیاں راوی پل سے ٹریفک شہر میں داخل اور باہر جارہی ہے۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق ٹھوکر نیاز بیگ سے ملتان روڈ ٹریفک آ اور جاسکتی ہے، رائے ونڈ روڈ، فیروز پور روز، گجومتہ ٹریفک کے لیے کھلے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی احتجاج: علی امین گنڈاپور کا قافلہ کٹی پہاڑی پر، پولیس کی شیلنگ جاری
ترجمان کے مطابق موٹروے، ایسٹرن بائی پاس، بابوصابو تاحال ان اور آؤٹ کے لیے بند ہے۔ لاہور رنگ روڈ تمام انٹرجینجز سے ٹریفک کے لیے مکمل بند ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ شہر کے اندر ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہے، شہری سفر کرنے سے پہلے ہیلپ لائن 15 سے رہنمائی لیں۔