موجودہ دور میں والدین کی خواہش رہتی ہے کہ اپنی اولاد کو اچھے کھلونے دلوائے جائیں لیکن جب مارکیٹ میں ملنے والے کھلونوں کی کوالٹی کم اور دام بڑھا ہوا ہو تو پھر والدین یہ سوچنے پر مجبور ہو جاتے ہیں کہ کسی اور طریقے سے اچھی چیز حاصل کی جائے۔
یہ بھی پڑھیں: چین کے انوکھے کھلونوں میں خاص کیا ہے؟
اسی صورتحال کو بھانپتے ہوئے فراڈیے سوشل میڈیا پر سرگرم ہوچکے ہیں اور کہیں سے تصاویر اٹھا کر سستے داموں امپورٹڈ کھلونے کے لیے شہریوں کو ورغلایا جاتا ہے، لالچ میں آکر شہری رقم تو بھیج دیتے ہیں پر پھر نا کھلونے ملتے ہیں اور نا ہی متعلقہ نمبر پر رابطہ ہوپاتا ہے۔
آپ کے پاس اتنی بڑی مارکیٹ ہے تو فراڈیوں کا شکار کیوں بنتے ہیں؟
شیر شاہ کباڑی مارکیٹ جہاں ہر چیز دستیاب ہے، جی ہاں ہر چیز بچوں کے امپورٹڈ کھلونے بھی، وہ بھی تول کے حساب سے جتنا چاہیں خرید لیں، چھانٹی کریں جو چاہے مرضی چن چن کر لے جائیں وہ بھی تسلی کرکے کے۔
کہاں کہاں سے کھلونے اس مارکیٹ میں آتے ہیں؟
کھلونے بیچنے والے تاجر حارث کا کہنا ہے کہ ہم شیرشاہ کباڑی مارکیٹ میں بیٹھے ہیں، آپ چاہیں تو یہاں آکر خود اپنی مرضی کا مال لے جائیں یا ہم سے آن لائن منگوا لیں۔
یہ بھی پڑھیں: اسٹار وارز سیریز کا نایاب ونٹیج کھلونا ’بوبا فیٹ‘ کتنے ڈالرز میں نیلام ہوا؟
ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنی ہر چیز کی گارنٹی دیں گے اور آپ کی مرضی، جس چیز پر آپ ہاتھ رکھیں وہ آپ کی۔ انہوں نے کہا کہ ان کے پاس بھی میڈ ان چائینہ مال آتا ہے لیکن یہ چائنہ سے نہیں بلکہ امریکا یا یورپ سے آتا ہے اور اس کا مطلب یہ ہے کہ یہ کوالٹی آپ کو کہیں نہیں ملے گی۔
کھلونوں کی قیمت کیا ہے؟
تاجر حارث کا کہنا تھا کہ یہاں کھلونوں سے گودام بھرے پڑے ہیں، اب آپ کی مرضی ہے آپ کس چیز کا انتخاب کرتے ہیں، یہ کھلونے استعمال شدہ ہوتے ہیں لیکن ان میں کچھ کم کچھ زیادہ استعمال ہوتے ہیں اور اسی حساب سے ان کی قیمت لگتی ہے لیکن وزن کے حساب سے، فی کلو 800 روپے سے 3 ہزار روپے کلو تک کی قیمت پر کھلونے یہاں دستیاب ہوتے ہیں۔