بھارتی کرکٹ ٹیم نے پیر کو آسٹریلیا کے خلاف بارڈر-گاوسکر ٹرافی کے پہلے ٹیسٹ میں 47 سال پرانا ریکارڈ توڑ کر ایک بار پھر کرکٹ کی تاریخ میں اپنا نام درج کرالیا ہے۔
جسپریت بمراہ کی قیادت میں، بھارتی ٹیم نے پرتھ اسٹیڈیم میں آسٹریلیا کے خلاف 295 رنز کی تاریخی فتح حاصل کی ہے، جو آسٹریلیا کی سرزمین پر اب تک بھارت کی اتنے زیادہ مارجن کے ساتھ سب سے بڑی فتح ہے۔
یہ بھی پڑھیں:آسٹریلیا کے خلاف سینچری مکمل کرکے ویرات کوہلی نے کتنے نئے ریکارڈ بنالیے؟
5 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پرتھ میں کھیلا گیا گواسکر بارڈر ٹرافی سیریز کا پہلا ٹیسٹ بھارتی کرکٹ ٹیم کے عزم اور غلبہ کا مظاہرہ تھا، پہلی اننگز میں 150 کے معمولی اسکور پر آؤٹ ہونے کے بعد، بھارت نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلوی ٹیم کو صرف 104 رنز پر آؤٹ کردیا۔
یاشوی جیسوال اور ویرات کوہلی کی سینچریوں کی بدولت، بھارت نے اپنی دوسری اننگز میں 487 رنز بنات ہوئے آسٹریلیا کو 534 کا مشکل ہدف دیا جس کے تعاقب میں آسٹریلیا دباؤ سے نہیں نکل سکا اور چوتھے روز ہی اس کی پوری ٹیم ڈھیر ہوگئی۔
مزید پڑھیں:بھارت کے خلاف سیریز کے لیے ڈیوڈ وارنر ریٹائرمنٹ واپس لینے کے لیے تیار
اس فتح نے آسٹریلیا میں بھارت کی پچھلی سب سے بڑی جیت کو پیچھے چھوڑ دیا ہے جب 30مہمان کرکٹ ٹیم نے دسمبر 1977 کو میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں 222 رنز سے فتح حاصل کی تھی، دسمبر 2018 میں ایک اور قابل ذکر کامیابی بھارت کا مقدر بنی جب ایم سی جی میں ہی اس نے آسٹریلیا کو 137 رنز سے شکست دی۔
مزید پڑھیں:بھارت سے اچھے کی توقع ہے، آئی سی سی بھی اپنی ساکھ کے حوالے سے خیال کرے، چیئرمین پی سی بی
کپتان جسپریت بمراہ اور محمد سراج کی سنسنی خیز باؤلنگ کی بدولت آسٹریلیا کی بیٹنگ لائن کو اپنی دوسری اننگز میں تباہی کا سامنا کرنا پڑا، وہ صرف 238 رنز ہی بناسکے، دونوں بھارتی بولرز نے 3 تین وکٹیں حاصل کیں۔ واشنگٹن سندر نے بھی دو اہم شکار کیے جبکہ نتیش کمار اور ہرشیت رانا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ٹریوس ہیڈ نے شاندار 89 رنز کے ساتھ آسٹریلیا کی جانب سے مزاحمتی بلے بازی کی قیادت کی، ان کے ساتھ نمایاں بلے باز مچل مارش اور ایلکس کیری رہے جنہوں نے بالترتیب 47 اور 36 رنز کی اننگز کھیلیں۔
بھارتی کپتان جسپریت بمراہ کو ان کی شاندار بولنگ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، انہوں نے دونوں اننگز میں مجموعی طور پر 8وکٹیں حاصل کیں، بھارت کو 5 میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں اب 1-0 کی برتری حاصل ہے، دوسرا ٹیسٹ جمعہ 6 دسمبر سے ایڈیلیڈ میں کھیلا جائے گا۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا کی سرزمین پر پیر کی 295 رنز سے تاریخی فتح سے قبل بھارت 1977 میں آسٹریلیا کو میلبورن میں 222 رنز، اسی گراؤنڈز میں 2018 میں 137 رنز، 2008 میں واکا اسٹیڈیم میں 72 رنز اور میلبورن میں 59 رنز سے شکست دے چکا ہے۔