بلوچستان کے علاقے سرانان میں افغان مہاجر کیمپ کے رہائشی عزت اللہ مشکل حالات سے نکل کر اپنی شناخت بنانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ عزت اللہ گزشتہ کئی برسوں سے سوشل میڈیا پیلٹ فارم پر مزاحیہ ویڈیوز بنا کر مختلف سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر لاکھوں فالورز حاصل کر چکا ہے۔
وی نیوز سے گفتگو میں عزت اللہ نے بتایا’سوشل میڈیا پر پشتو زبان میں مزاحیہ ویڈیوز بناتا جس میں میرے گھر کے دو بچے بھی میرے ساتھ شامل ہوتے ہیں۔ مجھے ہمیشہ سے ہی ویڈیوز بنانے کا شوق تھا اور اسی شوق کو اپنا ذریعہ معاش بنا چکا ہوں۔ مجھے دیکھ کر اب کئی لوگ اس کام کی جانب گامزن ہو رہے ہیں۔ ابتدا میں مجھے بہت سی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا کیونکہ پشتون سماج میں اس کام کو اچھا نہیں سمجھا جاتا لیکن سماجی زنجیروں کو توڑ کر میں نے اپنا مقام بنایا ہے۔‘
عزت اللہ نے بتایا کہ اپنے محدود وسائل سے میں نے یہ کام شروع کیا۔ میرے پاس مناسب سا موبائل فون ہے اور ایک چھوٹے سے ٹرائی پوڈ سے کام کرتا ہوں۔ میری کوشش ہے کہ میں بھی ملک کے نام ور سوشل میڈیا اسٹارز کی طرح اپنا نام بناؤں۔