زرمبادلہ ذخائر میں 3.295 ارب ڈالر کا نمایاں اضافہ، اسٹیٹ بینک

منگل 26 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

زرمبادلہ کے ملکی ذخائر میں جاری کیلنڈر سال کے دوران مجموعی طور پر 3.295 ارب ڈالر کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال کے اختتام پر زرمبادلہ کے ملکی ذخائر کا حجم 12.676 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

اسٹیٹ بینک کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر کا حجم 8.233 ارب ڈالر اور کمرشل بینکوں کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر کا حجم 4.440ارب ڈالر تھا۔ 15 نومبر کو ختم ہونے والے ہفتہ میں زرمبادلہ کے مجموعی ملکی ذخائر کا حجم 15.968 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جس میں اسٹیٹ بینک کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر کا حجم 11.288 ارب ڈالر اور بینکوں کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر کا حجم 4.680 ارب ڈالر ہے۔

مزید پڑھیں: شرح سود میں 2.5 فیصد کمی، اسٹیٹ بینک نے نئی مانیٹری پالیسی کا اعلان کردیا

جاری کیلنڈر سال کے آغاز سے لے کر اب تک اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں مجموعی طور پر 3.055 ارب ڈالر اور بینکوں کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر میں 240 ملین ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق جاری مالی سال کے آغاز سے لے کر اب تک زرمبادلہ کے ملکی ذخائر میں مجموعی طور پر 1.971 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔

جاری مالی سال کے آغاز (یکم جولائی) سے لے کر 15 نومبر تک کی مدت میں اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں مجموعی طور پر 1.898 ارب ڈالر اور بینکوں کے زرمبادلہ کے ذخائر میں 73 ملین ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp