وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ صدر بیلاروس پاکستان کے بہترین دوست ہیں، ان کا دورہ پاکستان عوام کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا۔ بیلا روس کے ساتھ معاہدوں کو فوری عملی جامہ پہنائیں گے اور دوطرفہ تعلقات کو آگے بڑھائیں گے۔
وزیر اعظم شہباز شریف اور بیلا روس کے صدر نے مشترکہ نیوز کانفرنس کی، اس دوران شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان بیلا روس کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ بیلا روس کے صدر کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون اور شراکت داری کی نئی راہیں کھولنے میں انتہائی مددگار ثابت ہوگا۔
مزید پڑھیں: سعودی عرب جیسے ملک کیا سوچیں گے کہ پاکستانی سیاستدان کیسے ہیں، وزیر اعظم شہباز شریف
وزیر اعظم نےکہا کہ بیلا روسی صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کو ویلکم کرتے ہیں، پاکستان اوربیلا روس کے درمیان بہترین تعلقات پائے جاتے ہیں۔ دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔
شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان بیلا روس کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون چاہتا ہے، بیلا روسی وفد کے ساتھ مختلف یادداشتوں اور سمجھوتوں پر دستخط ہوئے ہیں۔ 8سال بعد بیلاروس کے صدر کا دورہ پاکستان اہمیت کاحامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور بیلا روس کا کثیرالجہتی فورمز پر تعاون جاری رکھنے پر اتفاق
انہوں نے کہا کہ صدر الیگزینڈر لوکاشینکو سے ملاقات مفید رہی، دوطرفہ معاہدوں پرعملدرآمد سے متعلق بات چیت کی گئی، بیلا روس کے ساتھ معاہدوں کو فوری عملی جامہ پہنائیں گے۔
بیلا روس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو نے کہا کہ بیلا روس پاکستان کو بہترین دوست ملک سمجھتا ہے، پاکستان کے ساتھ بہترین تعلقات کے فروغ کا خواہاں ہیں، ہمیں سفارتکاری میں تعمیری اقدامات کو آگے بڑھانا ہوگا۔ پاکستان کے ساتھ آئی ٹی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون چاہتے ہیں۔
بیلا روسی صدر نے کہا کہ مذاکرات میں وزیراعظم شہبازشریف کی مثبت سوچ کا معترف ہوں، وزیراعظم شہبازشریف کو بہترین انسان پایا، 30سال قبل پاکستان کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم ہوئے، ٹیکنالوجی کے شعبے میں تجربات پاکستان کے ساتھ شیئرکرنا چاہتے ہیں۔
واضح رہے بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو نے پاکستان میں پر تپاک استقبال اور میزبانی پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔