ملیے دنیا کے سب سے چھوٹے، جیبی سائز کتے سے!

جمعرات 13 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آپ نے جیبی گھڑی یا دیگر کچھ جیبی سائز کی اشیا کے بارے میں تو سنا ہوگا لیکن شاید ایسے کتے کے بارے میں نہ سنا ہو جسے بآسانی جیب میں رکھ کر گھوما پھرا جاسکے۔

یہ کوئی مذاق نہیں بلکہ حقیقت ہے کہ امریکی ریاست فلوریڈا میں ایسا ہی ایک کتا موجود ہے جو ہینڈ بیگ سائز کا بھی نہیں بلکہ جیبی سائز کا کتا ہے جس کی مالکن اسے جیب میں ڈال سکتی ہے۔

سی این این کے مطابق تقریباً ڈھائی سالہ چی ہواہوا نسل کی پرل نامی فیمیل ڈاگ کی لمبائی ایک ڈالر کے نوٹ کے برابر ہے اور اسے گنیز ورلڈ ریکارڈز نے دنیا کا سب سے چھوٹا کتا قرار دیا ہے۔

پرل صرف 3 اعشاریہ 59 انچ اونچی اور5 انچ لمبی ہے اور اس کا وزن ایک اعشاریہ 22 پاؤنڈ ہے جو پیدائش کے وقت ایک اونس سے بھی کم پر بہت زیادہ ہے۔

پرل کا تعلق سابقہ ​​ریکارڈ ہولڈر مریکل ملی سے ہے جس کا قد 3.8 انچ تھا۔ وہ 2020 میں مر گئی تھی اور اس کی بہن نے پرل کو جنم دیا تھا۔

پرل اور مریکل دونوں کی مالکن وینیسا سیملر نے گنیز ورلڈ ریکارڈز کو بتایا ’ہمیں اس بات کی بہت خوشی ہے کہ ہم نے اپنا ہی ریکارڈ توڑنے کا ایک منفرد موقع پایا اور اس حیرت انگیز خبر کو دنیا کے ساتھ شیئر کیا‘۔

وینیسا سیملر تین دیگر کتوں کی بھی مالک ہیں جو سب ہی نارمل سائز کے ہیں۔ اپنے پالتو جانور کو گیند کی طرح چھوٹا اور چائے کے کپ سے قدرے لمبا بتاتے ہوئے سیملر نے کہا کہ پرل چکن اور سالمن کی اعلیٰ قسم کی خوراک کی عادی ہے۔

سیملر کے مطابق پرل اچھا لباس پہننا بھی پسند کرتی ہے۔ ’ہم ایک ساتھ بہت مزے کرتے ہیں۔ یہ بالغ فیمیل ڈاگ اب بھی دل کی بچی ہے۔‘

پرل کے ریکارڈ کی تصدیق ریاست فلوریڈا کے شہر اورلینڈو میں واقع کرسٹل کریک اینیمل اسپتال سے بھی کی گئی ہے، جہاں پرل کی پیدائش ہوئی تھی۔

قد کاٹھ میں اب تک کا سب سے چھوٹا کتا ایک بونا یارک شائر ٹیریر صرف 2.8 انچ اونچا تھا اور اس کی ناک کے سرے سے اس کی دم کے آخر تک کا سائز صرف 3.75 انچ لمبا تھا۔ برطانیہ میں مقیم آرتھر مارپلز کی ملکیت میں یہ چھوٹا ٹیریر سنہ 1945 میں اپنی دوسری سالگرہ سے پہلے ہی مرگیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp