زمبابوے کو 57 رنز سے شکست، پاکستان نے پہلا ٹی20 جیت لیا

اتوار 1 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اور زمبابوے کے درمیان 3 میچوں کی ٹی20 سیریز کے پہلے میچ میں گرین شرٹس نے زمبابوے کو 57 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی ہے، پاکستان کے 165 رنز کے تعاقب میں زمبابوے کی پوری ٹیم 15.3 اوورز میں 108 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

پاکستان اور زمبابوے کے درمیان 3 میچوں کی ٹی20 سیریز کے پہلے میچ میں گرین شرٹس نے زمبابوے کو 57 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی ہے، پاکستان کے 165 رنز کے تعاقب میں زمبابوے کی پوری ٹیم 15.3 اوورز میں 108 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

پاکستان کے 165 رنز کے تعاقب میں زمبابوے نے اننگز کا آغاز کیا تو اس کی پہلی وکٹ12  کے مجموعی اسکور پر گری جب برائن بینیٹ کو 6 رنز پر ابرار احمد نے کلین بولڈ کر دیا، زمبابوے کی دوسری وکٹ 18 کے مجموعی اسکور پر گری جب ڈیون مائرزکو بھی 6 رنز پر ابرار احمد نے کلین بولڈ کر دیا۔

زمبابوے کی تیسری وکٹ 77 کے مجموعی اسکور پر گری جب تادیواناشے مارومانی 33 رنز پر رن آؤٹ ہو گئے، چوتھی وکٹ 87  کے مجموعی اسکور پر گری جب ریان برل 3 رنز کے انفرادی اسکور پر حارث رؤف کی گیند پر سلمان آغا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

زمبابوے کی پانچویں وکٹ 92 کے مجموعی اسکور پر گری جب کلائیو مڈاندے 5 رنز پر سفیان مقیم کی گیند پر عثمان خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے، چھٹی وکٹ 95 کے مجموعی اسکورپر گری جب کپتان سکندر رضا 39 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد جہانداد خان کی گیند پر صائم ایوب کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

زمبابوے کی ساتویں وکٹ 102 کے مجموعی اسکور پر گری جب ویلنگٹن مساکادزا کو 5 رنز پر سفیان مقیم نے کلین بولڈ کر دیا، آٹھویں وکٹ 102 کے مجموعی اسکور پر گری جب رچرڈ نگروا صفر پر سفیان مقیم کی گیند پرعمیر یوسف کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

زمبابوے کی نویں وکٹ 107 کے مجموعی اسکور پر گری جب بلیسنگ مزاربانی کو حارث رؤف نے صفر پر کلین بولڈ کر دیا، زمبابوے کی دسویں اور آخری وکٹ 108 کےمجموعی اسکور پر گری جب ٹریورگوانڈو صفر پر ابرار احمد کی گیند پر وکٹ کیپر عثمان خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

پاکستان کی جانب سے ابرار احمد اور سفیان مقیم نے 3،3 جبکہ حارث رؤف نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جہانداد خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل  پاکستان اور زمبابوے کے درمیان 3 ٹی20 میچوں کے سیریز کے پہلے میچ میں گرین شرٹس نے زمبابوے کو جیت کے لیے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز کا ہدف دیا۔

پاکستان کے ٹیم کیپٹن سلمان آغا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اوپنر عمیر یوسف اور صائم ایوب خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا، پاکستان کی پہلی وکٹ 18  کے مجموعی اسکور پر گری جب عمیر یوسف 16 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، دوسری وکٹ 57 کے مجموعی اسکور پر گری جب اوپنر صائم ایوب بھی ایک چھکے اور 2 چوکوں کی مدد سے 24 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

پاکستان کی تیسری وکٹ 91 کے مجموعی اسکور پر گری جب عثمان خان2 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 39 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ چوتھی وکٹ 100 کے مجموعی اسکور پر گری جب ٹیم کیپٹن سلمان آغا صرف 13 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

پاکستان کی جانب سے سب سے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ طیب طاہر نے کیا جنہوں نے 25 گیندوں پر ایک چھکے اور 4 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 39 رنز اسکور کیے، ان کا ساتھ عرفان خان نے دیا وہ بھی 27 رنزکے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

زمبابوے کی جانب سے رچرڈ نگاروا، سکندر مرزا، ویلنگٹن مساکادزا اور ریان برل نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم اور میزبان زمبابوے کرکٹ ٹیم کے درمیان 3 میچوں کی سیریز کا پہلا ٹی20 میچ بلاوایو کے کوئنز اسپورٹس کلب میں کھیلا گیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پہلے ٹی20 میچ کے لیے پلیئنگ الیون کے اعلان کے مطابق سلمان علی آغا کو قائم مقام کپتان مقرر کیا گیا جبکہ عثمان خان نئے وائٹ بال کپتان اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کی غیر موجودگی میں وکٹ کیپنگ کی جنہیں زمبابوے قومی کرکٹ ٹیم کے خلاف 3 میچوں کی ٹی 20 سیریز کے لیے آرام دیا گیا۔

اس سے قبل دونوں ممالک کے درمیان 3 ون ڈے میچوں کی سیریز کھیلی گئی تھی جس میں پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم نے 2-1 سے کامیابی حاصل کی تھی۔ زمبابوے نے پہلا ون ڈے میچ 80 رنز (ڈی ایل ایس میتھڈ) سے جیتا تھا جس کے بعد پاک ستان کرکٹ ٹیم نے واپسی کی اور دوسرا ون ڈے 10 وکٹوں سے اور آخری ون ڈے 99 رنز سے جیتا۔

بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ جیسے کئی اسٹار کھلاڑیوں کو 3 میچوں کی ٹی 20 سیریز کے لیے آرام دیا گیاجس کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم  نے میزبان زمبابوے کرکٹ ٹیم کے خلاف مضبوط کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

ٹاس جیتنے کے بعد پاکستانی ٹیم کے قائم مقام کپتان سلمان آغانے کہا کہ اسکور بورڈ پر اچھا اسکور کرنا چاہییں گے۔ ہم نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ مواقع دینا چاہتے ہیں کیونکہ یہ سیریز نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ہی ہے۔ فیلڈنگ کو بہتر بنانا چاہتے ہیں، نئی گیند سے اچھی باؤلنگ کریں گے۔

زمبابوے کے کپتان سکندر رضا نے کہا کہ ہم ایک اچھے کھیل کے منتظر ہیں، پاکستان ایک اچھی ٹیم ہے ہم بھرپور مقابلہ کریں گے، ٹیم اس وقت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے اور امید ہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان ایک اچھا مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔

زمبابوے قومی کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ ریان برل، ڈیون مائرز، تاشینگا موسیکیوا، سکندر رضا(کپتان)، ویسلی مدھیویرے، ٹینوٹینڈا ماپوسا، برائن بینیٹ، کلائیو مدنڈے(وکٹ کیپر)، تادیواناشے مارومانی، ویلنگٹن مساکاڈزا، رچرڈ نگاروا، بلیسنگ مزاربانی، ٹریور گوانگڈو، برینڈن ماوتا اور فراز اکرم پر مشتمل ہے۔

پاکستان قومی کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ میں سلمان آغا (کپتان)، صائم ایوب، عمیر یوسف، عثمان خان(وکٹ کیپر)، طیب طاہر، عرفان خان، جہانداد خان، عباس آفریدی، حارث رؤف، ابرار احمد، سفیان مقام، حسیب اللہ خان، عرفات منہاس، قاسم اکرم، عامر جمال، صاحبزادہ فرحان اور محمد حسنین شامل ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp