کرکٹ تاریخ کی تیز ترین 5 گیندیں، کیا شعیب اختر سے کوئی آگے نکل سکا؟

جمعہ 13 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

فاسٹ بولنگ بلاشبہ کرکٹ کے سب سے زیادہ سنسنی خیز سرگرمیوں میں سے ایک ہے۔ یہی وہ شعبہ ہے جو اپنی سنسنی اور تیز رفتاری کی بدولت کرکٹ شائقین کو کھیل کے دوران اپنی طرف متوجہ کیے رکھتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: تیز ترین ڈبل سینچری، کیوی بلے باز نے نیا ریکارڈ بنا ڈالا

کرکٹ کی تاریخ میں ایسے کئی فاسٹ بولرز آئے جنہوں نے تیز ترین گیندیں پھینک کر نہ صرف عظیم بلے بازوں پر اپنی دھاک بٹھائی بلکہ کئی کئی دھواں دھار ریکارڈ بھی اپنے نام کیے۔ انٹرنیشنل کرکٹ میں ایسی 5 تیز رفتار گیندوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، آئیے جانتے ہیں کہ یہ 5 گیندیں کن بولرز نے پھینکیں اور ان میں سب سے زیادہ تیز رفتار بولر کون تھا۔

مچل اسٹارک

آسٹریلوی فاسٹ بولر مچل اسٹارک کو ماڈرن کرکٹ میں ایک خاص مقام حاصل ہے۔ 2015 میں نیوزی لینڈ کے خلاف ایک میچ میں مچل اسٹارک نے حیران کن طور پر 160.4 کلومیٹر فی گھنٹہ (99.57 میل فی گھنٹہ) کی رفتار سے ایک گیند پھینکی جو کرکٹ کی تاریخ میں پانچویں تیز ترین گیند ہے۔

جیف تھامسن

سابق آسٹریلوی فاسٹ بولر جیف تھامسن کو اپنی تیز رفتار بولنگ کی وجہ سے دنیا بھر میں شہرت حاصل ہوئی۔ 1975 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک میچ میں انہوں نے اس وقت کرکٹ کی تاریخ کی تیز ترین گیند پھینکی تھی جس کی رفتار 160.6 کلومیٹر فی گھنٹہ تھی۔ آج یہ بال کرکٹ کی تاریخ کی چوتھی تیز ترین گیند تصور کی جاتی ہے۔

شان ٹیٹ

شان ٹیٹ بھی آسٹریلوی اسپیڈ اسٹار ہیں جو نہ صرف اپنی دھواں دھار بولنگ بلکہ اپنی بولنگ سے وکٹوں کو درستگی سے نشانہ بنانے کی وجہ سے بھی شہرت رکھتے ہیں۔ 2010 میں انگلینڈ کے خلاف ایک میچ میں انہوں نے 161.1 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند پھینکی جو کرکٹ کی تاریخ کی اب تک کی دوسری تیز رفتار گیند تھی۔

بریٹ لی

آسٹریلوی فاسٹ بولر بھی بریٹ لی اپنی تیز رفتاری اور جارحانہ پن کی وجہ سے مشہور ہیں۔ بریٹ لی اپنی تیز رفتاری کو برقرار رکھنے کا ہنر خوب جانتے تھے۔ 2005 میں نیوزی لینڈ کے خلاف ایک میچ میں بریٹ لی نے بھی 161.1 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند پھینکی تھی جو کرکٹ کی تاریخ کی تیسری تیز ترین گیند تھی۔

شعیب اختر

دنیائے کرکٹ میں صرف ایک ایسا نام ہے جس کی تیز رفتاری کے سامنے بڑے سے بڑے بلے بازوں کے پسینے چھوٹ جاتے تھے۔ جی ہاں! یہ مایہ ناز پاکستانی فاسٹ بولر شعیب اختر ہیں جنہیں ’راولپنڈی ایکسپریس‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ 2003 کے آئی سی سی ورلڈ کپ میں انگلینڈ کے خلاف کیپ ٹاؤن میں ہونے والے ایک میچ میں شعیب اختر نے کرکٹ کی تاریخ کی تیز ترین گیند پھینکی جس کی اسپیڈ 161.3 کلومیٹر فی گھنٹہ تھی۔ دنیا کا کوئی بھی بولر آج تک یہ ریکارڈ توڑنے میں کامیاب نہیں ہوسکا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp