قومی ایئر لائنز (پی آئی اے) نے اپنے گراونڈ کیے گئے 2 طیاروں کو فلائٹ آپریشن کے لیے فعال کرنے کی کوششیں تیز کردی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، پی آئی نے اپنے آپریشنل فلیٹ میں اضافے کے لیے کچھ عرصہ قبل گراؤنڈ کیے گئے طیاروں بوئنگ 777 اور ایئربس 320 A طیاروں کو فلائٹ آپریشن کے لیے فعال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: یورپ کے لیے پروازیں، پی آئی اے کا کڑا امتحان
بوئنگ 777 طیارہ 440 نشستوں والا بڑی گنجائش کا حامل طیارہ ہے جسے یورپ اور حج آپریشن کے لیے استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ایک سال قبل گراؤنڈ کیا گیا یہ طیارہ 10 جنوری سے یورپ فلائٹ آپریشن کے لیے دستیاب ہوگا۔
پی آئی اے نے تصدیق کی ہے کہ بوئنگ 777 طیارے کے 2 انجنز اگلے 2 دن میں پاکستان پہنچا دیے جائیں گے، طیارہ پیرس کے لیے پہلی پرواز لیکر 10 جنوری کو روانہ ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے کو برطانیہ کے لیے پروازیں آپریٹ کرنے کی اجازت جلد مل جائےگی، خواجہ آصف
ایئربس 320 اور بوئنگ 777 طیارے شامل ہونے سے پی آئی اے کے فعال بیڑے کی تعداد بڑھ کر 18 ہوجائے گی، طیاروں کی تعداد میں اضافے سے یورپ اور حج آپریشن کے لیے فلائٹس اور پی آئی اے کی آمدنی میں بھی اضافہ ہوگا۔