سنگل سیلز ٹیکس ریٹرن نظام میں ہوٹل، ریسٹورنٹس اور ٹیکسی سروس بھی شامل

جمعہ 20 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) اور تمام صوبائی ریونیو اتھارٹیز سنہ 2025 کے دوران سنگل سیلز ٹیکس ریٹرن (ایس ایس ٹی آر) کے دائرہ کار کو ہوٹلوں، ریستورانوں، فاسٹ فوڈ چینز، کلبوں، کیٹررز، ڈیجیٹل یا آئی ٹی پر مبنی خدمات، آن لائن ٹیکسی سروس، افرادی قوت کی بھرتی کرنے والے ایجنٹس اور فرنچائز سروسز تک بڑھا دیں گی۔

سنہ 2025  کے لیے ایف بی آر کی دستاویز کے مطابق ایس ایس ٹی آر کو بالآخر دیگر تمام شعبوں تک بڑھا دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کو ٹیکس ہدف پورا کرنے کے لیے اب کیا کرنا ہوگا؟

ایف بی آر نے سنہ 2025 کے لیے اہم سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کی ہے جس میں مائیکرو فنانس بینکوں، براڈ بینڈ انٹرنیٹ سروس پرووائیڈرز، اور ایکسپلوریشن اینڈ پروڈکشن (تیل اور گیس) کے ساتھ ڈیموسٹریشن سیشنز شامل ہیں۔

سنہ2025  میں جن خدمات فراہم کرنے والوں کے لیے ڈیموسٹریشن سیشنز کا منصوبہ بنایا گیا ہے ان میں ہوٹل، ریستوراں، فاسٹ فوڈ چینز، کلب، کیٹررز، ڈیجیٹل یا آئی ٹی پر مبنی خدمات، رائیڈ ہیلنگ سروسز، افرادی قوت کی بھرتی کرنے والے ایجنٹس اور فرنچائز سروسز شامل ہیں۔ایس ایس ٹی آر کو مقررہ وقت کے ساتھ دیگر تمام شعبوں تک بڑھا دیا جائے گا۔

ایف بی آر نے سنگل سیلز ٹیکس ریٹرن کا دائرہ کار اضافی 2 شعبوں یعنی تیل اور گیس (تجارت اور پیداوار) کمپنیوں اور مائیکرو فنانس بینکوں تک بڑھا دیا ہے۔

واضح رہے کہ ایف بی آر نے تمام صوبائی سیلز ٹیکس اتھارٹیز کی مشاورت سے ایک سنگل سیلز ٹیکس پورٹل/ریٹرن تیار کیا ہے تاکہ سیلز ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کا عمل آسان بنایا جاسکے۔

مزید پڑھیں: ایف بی آر کا یوٹرن، بیرون ملک سے ایک سے زائد موبائل فون ساتھ لانے کی اجازت بحال

پورٹل یعنی www.iris.fbr.gov.pk کے ذریعے سیلز ٹیکس رجسٹرڈ افراد ایف بی آر اور مختلف صوبائی سیلز ٹیکس اتھارٹیز میں سے ہر ایک کو الگ الگ ریٹرن فائل کرنے کے بجائے ایک ہی سیلز ٹیکس ریٹرن فائل کر سکیں گے۔ اس طرح یہ ریٹرن فائل کرنے کے عمل کو آسان بنانے کے علاوہ وقت اور محنت کی بچت کرے گا۔ یہ ڈیٹا کے اندراج کو کم سے کم کرے گا اور ڈیٹا اور حساب کی غلطیوں کے مسائل کو حل کرے گا۔

یہ نظام ان پٹ ٹیکس ایڈجسٹمنٹ کے ساتھ ساتھ سیلز ٹیکس حکام میں ٹیکس کی ادائیگیوں کو تقسیم کرنے کی اجازت دے گا، مفاہمت اور ادائیگی کی منتقلی کی ضرورت کو ختم کرے گا۔

مزید پڑھیں: ٹیکس ہدف پورا کرنے کے لیے ایف بی آر ملازمین کی ہفتے کی چھٹی ختم

ایف بی آر کا کہنا ہے کہ اس نظام کا ایک بڑا فائدہ یہ ہے کہ یہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی ریونیو اتھارٹیز میں ٹیکس کے طریقہ کار کو ہم آہنگ کرنے کی حوصلہ افزائی کرے گا جس سے قومی یکجہتی کو فروغ ملے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp