وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ عمران خان 9 مئی واقعات کے ماسٹر مائنڈ تھے، انہیں کیفردار تک پہنچایا جائےگا، ہم اس روز جشن منائیں گے جب اس روز حملے کرنے والے تمام افراد انجام تک پہنچ جائیں گے۔
لاہور میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حکومت ملک کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اقدامات کررہی ہے، جبکہ ایک ملک دشمن جماعت کی ہمیشہ یہ کوشش رہتی ہے کہ پاکستان کو کمزور کیا جائے۔
انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف والوں نے آئی ایم ایف کو کہاکہ پاکستان کو قرضہ نہ دیا جائے، ملکی برآمدات میں اضافہ ہورہا ہے جبکہ مہنگائی 4 فیصد پر آچکی ہے۔
عطااللہ تارڑ نے کہاکہ ایک دہشتگرد جماعت نے 9 مئی کو شہدا کی یادگاروں کو مسمار کیا، یہ لوگ سیاسی دہشت گرد ہیں۔
انہوں نے کہاکہ 9 مئی کو ایک سانحہ برپا ہوا، جب وطن عزیز کے دفاع کو کمزور کرنے کی کوشش کی گئی۔
وزیر اطلاعات نے کہاکہ 190 ملین پاؤنڈ کی چوری میں جو لوگ ملوث ہیں وہ اپنی سزا بھگت رہے ہیں، ہماری حکومت میں ایسا کچھ نہیں ہوا۔
انہوں نے کہاکہ 9 مئی واقعات کے 25 مجرموں کو آج سزا سنا دی گئی ہے، ان لوگوں نے دفاعی تنصیبات پر حملے کیے اور کور کمانڈر کا گھر جلایا۔ اس سارے منصوبے کے ماسٹر مائنڈ عمران خان تھے اور وہ بھی ضرور انجام کو پہنچیں گے۔
یہ بھی پڑھیں پی ٹی آئی نے 9 مئی کے مجرموں کو فوجی عدالت سے سزاؤں کا فیصلہ مسترد کردیا، چیلنج کرنے کا اعلان
واضح رہے کہ سانحہ 9 مئی میں ملوث 25 مجرموں کو فوجی عدالتوں کی جانب سے سزائیں سنا دی گئی ہیں۔ مجرموں کو 2 سے 10 سال تک قید بامشقت کی سزائیں سنائی گئی ہیں۔ تاہم پی ٹی آئی نے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے ہر فورم پر چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے۔