یوں تو پورے پاکستان میں بلتستان سیاحت کے ساتھ ساتھ ادب کے حوالے سے بھی مشہور ہے۔ کیونکہ یہاں کی تہذب و تمدن بہت قدیمی ہے۔ جس کی وجہ سے آپ جہاں بھی جائیں گے آپ کی خوب مہمان نوازی کی جائے گی۔
اسی سلسلے کی کڑی گلگت بلتستان کا خوبصورت ترین ضلع اسکردو ہے، جہاں مشہور سیاحتی مقام کچورا کی حدود میں داخل ہوتے ہی پولیس سیاحوں کو ہار پہنا کر اور مختلف ڈرائی فروٹس کے ساتھ خوش آمدید کہتی ہے۔
کچورا وہی گاؤں ہے جہاں شنگریلہ ریزورٹ بھی واقع ہے۔ پولیس کے جوان سیاحوں کو نہ صرف ہار پہناتے ہیں بلکہ سیاحوں کو مقامی ڈرائی فروٹس اور موسم کے ساتھ یہاں کے موسمی پھل بھی پیش کرتے ہیں۔
کچورا پولیس چیک پوسٹ انچارج فدا حسین کا کہنا ہے کہ ہمیں ہمارے افسران بالا کی طرف سے ہدایت ہے کہ اسکردو میں جتنے بھی مہمان داخل ہوتے ہیں، ان کو انتہائی عزت احترام کے ساتھ ویلکم کریں۔
سیاح حسن کا تعلق اسلام آباد سے ہے اور وہ اسکردو کئی دفعہ پہلے بھی آچکے ہیں۔ وہ کہتے ہیں جب بھی سکردو آیا ہوں، یہاں کی پولیس ہمیں بہترین انداز میں خوش آمدید کہتی ہے، یہاں کے لوگ بھی مہمان نواز ہیں۔