پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ وہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث 19 مجرمان کے لیے معافی کے اعلان کو بڑی پیش رفت نہیں سمجھتے۔
میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر خان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کا موقف تبدیل نہیں ہوا ہے۔ پی ٹی آئی آج بھی سمجھتی ہے کہ کسی سویلین کا فوجی عدالتوں میں ٹرائل غیرآئینی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ یہ اچھی بات ہے کہ جنہیں معافی ملی، وہ لوگ اپنے گھروں کو چلے گئے ہیں لیکن فوجی عدالتوں کی طرف سے ان پر جرم کا الزام بھی نہیں ہونا چاہئے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ معاملہ سپریم کورٹ میں بھی ہے اور اگر وہاں سے فیصلہ آتا ہے کہ ملٹری کورٹس سویلینز کا ٹرائل نہیں کرسکتیں تو پھر فوجی عدالتوں کے فیصلے ختم ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیے:سانحہ 9 مئی کے 19 مجرمان کی سزاؤں میں معافی کا اعلان کردیا گیا
آج حکومت کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کی دوسری نشست سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت اپنے مطالبات پیش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو چاہیے کہ وہ مذاکرات کے لیے سنجیدگی اور نیک نیتی کے ساتھ بیٹھیں اور ملک کے فائدے کے لیے مذاکرات کامیاب ہونے چاہئیں۔