بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان 3 جنوری 2025 سے سڈنی میں شروع ہونے والے سیریز کے فائنل کے لیے روہت شرما کو پلیئنگ الیون میں شامل نہیں کیا جا رہا ہے۔ فاسٹ بولر آکاش دیپ بھی انجری کی وجہ سے پانچویں ٹیسٹ میچ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:کیا روہت شرما نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کر لیا؟
بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما کو آسٹریلیا کے خلاف بارڈر گواسکر ٹرافی کے 5 ویں اور آخری ٹیسٹ میچ کے لیے بھارتی پلیئنگ الیون سے باہر رکھے جانے کا امکان ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کپتان روہت شرما کی غیر موجودگی میں نائب کپتان جسپریت بمراہ ٹیم کی قیادت کریں گے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کے لیے 67 ٹیسٹ میچ کھیلنے والے روہت شاید اب دوبارہ قومی وائٹ بال ٹیم میں شامل نہیں ہوں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق میلبورن میں چوتھا ٹیسٹ روہت شرما کے ٹیسٹ کرکٹ کیرئیر کاآخری ٹیسٹ ہو سکتا ہے۔ غالب امکان ہے کہ اگر بی سی سی آئی مداخلت نہیں کرتا اور انہیں آخری بار کھیلنے کی درخواست نہیں کرتا تو اس فیصلے میں تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ہے۔
مزید پڑھیں:ٹی20 کرکٹ سے ریٹائر بھارتی کپتان روہت شرما کیا ون ڈے اور ٹیسٹ کے کپتان برقرار رہیں گے؟
شبھمن گل کو روہت کی جگہ پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا ہے اور وہ تیسرے نمبر پر بیٹنگ کریں گے۔ توقع ہے کہ کے ایل راہول اور یشسوی جیسوال سیریز کے فائنل کے لیے اوپننگ کریں گے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سڈنی میں ٹیسٹ میچ سے قبل بھارت کے آخری ٹریننگ سیشن میں بھی روہت شرما نے شرکت نہیں کی، انہیں اپنے ساتھی کھلاڑیوں کے پہلے گروپ کے ساتھ نیٹ پر ٹریننگ کرتے ہوئے بھی نہیں دیکھا گیا۔
رپورٹس کے مطابق روہت شرما آخری لمحات میں صرف 10 منٹ بیٹنگ نیٹ پر نظر آئے، اس کے بعد انہیں سڈنی کرکٹ گراؤنڈ کے ایک اسٹینڈ پر گمبھیر اور بمراہ کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے دیکھا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: ’روہت شرما اور ویرات کوہلی کو ٹیم میں دیکھنا شرمناک ‘،انڈیا کی شکست پر صارفین کے تبصرے
واضح رہے کہ یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی ہے جب کوچ گوتھم گمبھیر نے ٹیسٹ میچ سے قبل پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے روہت شرما کی پلیئنگ الیون میں جگہ کی تصدیق کرنے سے انکار کردیا تھا۔ اس کے علاوہ جمعرات کو کپتان نے نہیں بلکہ کوچ نے میڈیا سے خطاب کیا۔
گوتم گمبھیر نے کہا کہ میں وکٹ پر نظر ڈالوں گا اور پھر ٹیم کو حتمی شکل دوں گا، یہ پوچھے جانے پر کہ کیا روہت شرما انڈیا ٹیم میں شامل ہوں گے تو کوچ گوتھم گمبھیر نے کہا کہ جیسا کہ میں نے کہا ہے ہم وکٹ کا جائزہ لیں گے پھر پلیئنگ الیون کا اعلان کریں گے۔
دریں اثنا بھارت پانچواں اور آخری ٹیسٹ فاسٹ بولر آکاش دیپ کے بغیر کھیلے گا۔ بنگال کے تیز گیند باز کمر کی چوٹ کی وجہ سے ٹیم سے باہر ہوگئے تھے۔ آکاش کی جگہ پرسدھ کرشنا یا ہرشیت رانا لیں گے۔