ہندوستانی کپتان روہت شرما نے پے درپے شکستوں کے بعد ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ روہت شرما سڈنی میں پانچویں اور آخری ٹیسٹ کے بعد ٹیسٹ کرکٹ کو الوداع کہہ دیں گے لیکن وہ ریٹائرمنٹ کا اعلان کب کریں گے، اس کے بارے میں ابھی کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ اس سے قبل وہ جون میں ٹی20 فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان بھی کر چکے ہیں۔
بھارتی اسپورٹس جرنلسٹ وکرانت گپتا نے بھی کہا تھا کہ کپتان روہت شرما کے جانے کا وقت ہوگیا ہے، اگر انہوں نے ریٹائرمنٹ کا اعلان نہ کیا تو یہ سر پرائزنگ ہوگا۔ وکرانت گپتا کا مزید کہنا تھا کہ بھارت میں کوئی ایک پلیئر بھی ایسا نہیں جس نے چیف سلیکٹر سے کہا ہو کہ میری بس ہوگئی۔ روہت شرما کا ریٹائرمنٹ کا ارادہ ہوتا تو وہ اوپننگ نہیں کرتے۔ جب کپتان کے رنز نہیں آرہے ہوتے ہیں تو اس کی ڈریسنگ روم میں عزت کم ہونا شروع ہوجاتی ہے، کرکٹ میں کوئی بھی ساری عمر کپتان نہیں رہتا۔
یہ بھی پڑھیں: ’روہت شرما اور ویرات کوہلی کو ٹیم میں دیکھنا شرمناک ‘،انڈیا کی شکست پر صارفین کے تبصرے
دورہ آسٹریلیا کے دوران روہت شرما سیریز کے 3 ٹیسٹ میچوں کی 6 اننگز میں صرف 31 رنز ہی بنا سکے ہیں اس کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے ان پر اور ویرات کوہلی پر خوب تنقید کی تھی کہ انہیں اب ریٹائرمنٹ لے لینی چاہیے۔
میچ کی اختتامی تقریب کے دوران انڈین کپتان نے انڈیا کی شکست کو ’مایوس کن‘ قرار دیا تھا انھوں نے کہا کہ ایسا نہیں ہے کہ ہم مقابلہ سے دست بردار ہونے کے ارادے سے اترے تھے۔ ہم آخر تک لڑنا چاہتے تھے لیکن بدقسمتی سے ہم ایسا نہیں کر سکے۔
یہ بھی پڑھیں: ’بھارتی کپتان روہت شرما کے جانے کا وقت ہوگیا ہے‘
روہت شرما نے کہا کہ اگر آپ مجموعی طور پر ٹیسٹ میچ پر نظر ڈالیں تو ہمارے پاس مواقع موجود تھے، لیکن ہم نے ان کا فائدہ نہیں اٹھایا۔ ہم نے 90 رنز پر آسٹریلیا کے 6 وکٹ لے لیے تھے۔ ہم جانتے ہیں کہ چیزیں مشکل ہو سکتی ہیں، ہم مشکل حالات سے لڑنا جانتے ہیں لیکن ہم اچھا نہیں کر سکے۔
واضح رہے کہ میلبرن میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے بھارت کو شکست دے کر 5 میچز کی سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل کرلی ہے۔ دونوں ٹیموں کے مابین کھیلا گیا تیسرا میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوا تھا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پانچواں اور فیصلہ کن ٹیسٹ میچ 3 سے 7 جنوری 2025 تک سڈنی میں کھیلا جائے گا۔