ایل نینو کی واپسی،2023 میں کیا ہونے والا ہے؟

منگل 17 جنوری 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ماہرین موسمیات نے 2023 کے موسم کے لیے خطرے کی گھنٹی بجادی۔

برطانوی محکمہ موسمیات نے 2023 میں ایل نینو کی واپسی کا خدشہ ظاہر کردیا۔ ایل نینو ایسا موسمیاتی رجحان ہے جس سے بحرالکاہل کے پانی معمول سے زیادہ گرم ہو جاتا ہے اور زمین کے درجہ حرارت میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ 2023 میں ایل نینو کی واپسی سے دنیا بھر میں موسم کی شدت میں اضافہ ہوگا۔ 2023 میں عالمی درجہ حرارت1.5 ڈگری سینیٹی گریڈ تک بڑھنے کی پیشگوئی کی ہے۔

ماہرین نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث ایل نینو لہر کے اثرات پہلے سے زیادہ تباہ کن ہوں گے اور ہیٹ ویوز کی شرح ایسی ہوسکتی ہے جس کی مثال تاریخ میں موجود نہیں ۔

یہ بھی پڑھیں:دنیاموسمیاتی جہنم کی شاہراہ پر ہے اور ہمارا پیر ایکسلیریٹر پر ، انتونیو گوتریس

ماہرین کا کہنا ہے کہ گرم سمجھا جانے والا موسم2023 میں معتدل سمجھا جائے گا جبکہ شدید گرم موسم اب تک کی گرمی سے کہیں زیادہ ہو سکتا ہے جس کا اندازہ لگانا ابھی ممکن نہیں۔

ماہرین نے یہ بھی کہاہے کہ ایل نینو لہر سال کے وسط سے شروع ہوگی جس کے باعث اس کے اثرات سال کے آخر اور 2024 میں بھی محسوس کیے جائیں گے۔ یہاں تک کہ 2024 میں درجہ حرارت کے نئے ریکارڈ بھی بن سکتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ابھی تک 2016 کو تاریخ کا گرم ترین سال سمجھا جاتا ہے اس سال بھی دنیا کو ایل نینو لہر کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

جبکہ گزشتہ 3 سال کے دوران لا نینا لہر دیکھنے میں آئی جو کسی حد تک موسم کو سرد رکھتی ہے۔ تین سال بعد ایل نینو لہر کی واپسی پر ماہرین نے اس کے تباہ کن ہونے کی پیشگوئی کردی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp