پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کا ترجمان کون ہے؟ پارٹی میں نئے تنازعے نے جنم لے لیا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی سابق معاون خصوصی مشعال یوسف زئی کے مطابق عمران خان نے انہیں بشریٰ بی بی کا ترجمان نامزد کیا ہے، جبکہ مسرت جمشید کا دعویٰ ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے اپنی اہلیہ کی ترجمانی کی ذمہ داری انہیں سونپی ہے۔
یہ بھی پڑھیں بشریٰ بی بی نے ہر صورت ڈی چوک جانے کا فیصلہ کیوں کیا؟ ترجمان مشعال یوسف زئی نے سب بتادیا
مسرت جمشید چیمہ کا کہنا ہے کہ مشعال یوسف زئی کو بشریٰ بی بی کے صرف لیگل معاملات دیکھنے کا کہا گیا ہے۔
اس حوالے سے عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری نے کہاکہ پارٹی کی جانب سے کسی کو بھی بشریٰ بی بی کا ترجمان بنایا جا سکتا ہے، اس حوالے سے کوئی نوٹیفکیشن سامنے آیا تو بات کروں گا۔
واضح رہے کہ آج جی ایچ کیو حملہ کیس میں مشعال یوسف زئی کا وکالت نامہ چیلنج کیا گیا، اور عدالت نے اس معاملے پر انہیں شوکاز نوٹس جاری کیا۔
اڈیالہ جیل کے باہر گفتگو کرتے ہوئے مشعال یوسف زئی نے کہاکہ میں کچھ لوگوں کے لیے تھریٹ بنی ہوئی ہوں، اپنے اور پرائے میرا جیل میں داخلہ روکنے کی کوشش کررہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ بشریٰ بی بی کی ترجمان میں تھی اور میں ہی رہوں گی، مسرت جمشید چیمہ کو کسی نے یہ ذمہ داری نہیں سونپی۔
یہ بھی پڑھیں مشعال یوسف زئی نئی فرح گوگی ہیں، عمران خان کی بہن بشریٰ بی بی کے خلاف سامنے آگئیں
صحافی نے جب سوال کیاکہ آپ کے راستے میں کون روڑے اٹکا رہا ہے تو اس پر ان کا کہنا تھا کہ یہ باتیں پردے میں ہی رہنے دیں۔