حماس 4 اسرائیلی فوجی خواتین کے بدلے مزید 200 فلسطینی رہا کروانے میں کامیاب

ہفتہ 25 جنوری 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

حماس 4 اسرائیلی فوجی خواتین کے بدلے اسرائیل کی قید سے مزید 200 فلسطینیوں کو رہا کروانے میں کامیاب۔

حماس اور اسرائیل کے درمیان طویل جنگ کے بعد ہونے والے امن معاہدے کے تحت قیدیوں کے تبادلے کے دوسرے مرحلے میں حماس نے مزید 4 یرغمالی خواتین کو ہلال احمر کے حوالے کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں:اسرائیل کو اپنی تاریخ میں پہلی بار شکست کا سامنا کرنا پڑا، اسرائیلی اخبار

حماس کی جانب سے یرغمالی فوجی خواتین کو غزہ کے فلسطین اسکوائر پر ہلال احمر کے حوالے کیا گیا، اس موقع پر اہل غزہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔

رہائی پانے والی اسرائیلی فوجی خواتین میں 24 سالہ رومی گونن، 28 سالہ برطانوی نژاد ایملی دماری اور 31 سالہ ورون شتنبر خیر شامل ہیں۔

معاہدے کے مطابق ان 4 اسرائیلی خواتین کے بدلے اسرائیل نے اپنی 2 جیلوں سے 200 فلسطینی قیدیوں کو رہا کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:رہائی پانے والی اسرائیلی خواتین حماس کے حسن سلوک کی گواہ بن گئیں

رہائی پانے فلسطینیوں کو 3 بسوں کے ذریعے رام اللّٰہ پہنچایا گیا، جہاں اہل غزہ نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ لوگوں نے انہیں کندھوں پر اٹھالیا۔ اس موقع پر عوام  فلسطینی پرچم لہراتے اور فتح کے نشان بناتے نظر آئے۔

قیدیوں کے اس دوسرے کامیاب تبادلے کے بعد امید ہے کہ حماس معاہدے کے مطابق آئندہ چند روز میں باقی 26 اسرائیلی مغویوں کے بدلے اسرائیلی قید سے مزید فلسطینیوں کو رہا کروا لے گی۔

یاد رہے کہ قبل ازیں رواں ماہ 19 جنوری کو حماس نے ہزاروں لوگوں کی موجودگی میں اسرائیلی یرغمالی خواتین کو انٹرنیشنل ریڈکراس کے حوالے کیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp